پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد ظفر کی غزلیں — Ahmad Zafar Ghazals

احمد ظفر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اور کیا میرے لیے عرصۂ محشر ہوگا (غزل)

اور کیا میرے لیے عرصۂ محشر ہوگا

میں شجر ہوں گا ترے ہاتھ میں پتھر ہوگا

یوں بھی گزریں گی ترے ہجر میں راتیں میری

چاند بھی جیسے مرے سینے میں خنجر ہوگا

زندگی کیا ہے کئی بار یہ سوچا میں نے

خواب سے پہلے کسی خواب کا منظر ہوگا

ہاتھ پھیلائے ہوئے شام جہاں آئے گی

بند ہوتا ہوا دروازۂ خاور ہوگا

میں کسی پاس کے صحرا میں بکھر جاؤں گا

تو کسی دور کے ساحل کا سمندر ہوگا

وہ مرا شہر نہیں شہر خموشاں کی طرح

جس میں ہر شخص کا مرنا ہی مقدر ہوگا

کون ڈوبے گا کسے پار اترنا ہے ظفرؔ

فیصلہ وقت کے دریا میں اتر کر ہوگا

اک تصور تو ہے تصویر نہیں (غزل)

اک تصور تو ہے تصویر نہیں

خواب ہے خواب کی تعبیر نہیں

یہ رہائی کی تمنا کیا ہے

جب مرے پاؤں میں زنجیر نہیں

صبح میری طرح آباد نہیں

شام میری طرح دلگیر نہیں

کیوں ابھر آیا تری یاد کا چاند

جب اجالا مری تقدیر نہیں

سنگ میں پھول کھلانے والو

فن یہاں باعث توقیر نہیں

بات کہنے کا سلیقہ ہے غزل

شاعری حسن ہے تقریر نہیں

دل اسی آگ میں جلتا ہے ظفرؔ

ہائے جس آگ میں تنویر نہیں

یہاں میرے اندر درختوں کی کتنی قطاریں سلگتی رہیں گی (نظم)

یہاں میرے اندر درختوں کی کتنی قطاریں سلگتی رہیں گی

وہاں تیرے اندر تڑپتے ہوئے لفظ لمحے

پرندے قطاروں میں بیٹھے ہوئے رو رہے ہیں

درختوں کے پیچھے کئی چاند ٹوٹے ہوئے ریزہ ریزہ

لہو میں نہائے ہوئے کتنے سورج مزاروں کے کتبے!

کہیں ڈھول کی تھاپ پر رقص مرگ مسلسل

کہیں دلدلوں میں اترتے ہوئے جسم جیسے

گنہ گار اپنے کئے کی سزا پا رہے ہیں

نہ تو اپنی پلکوں کے کالے پھریرے اٹھا کر کہیں جا رہی ہے

نہ میں کوئی پرچم اٹھائے ہوئے چل رہا ہوں

مرے پاس بیٹھا ہوا جسم مجھ سے یہ کیوں پوچھتا ہے

کسی گل کی ماہیت رنگ کیا ہے؟

ستاروں کا آہنگ کیا ہے؟

یہ خوشبو ہے یا بارش سنگ کیا ہے

یہ سب زندہ رہنے کے حیلے وسیلے عبث ہیں

ازل سے ابد تک وہی سلسلہ ہے

یہاں سے وہاں تک وہی دھند پھیلی ہوئی ہے

مگر دھند سے کیسے نکلیں یہی سوچتے سوچتے مر گئے ہم

زمیں سے شجر کا جنم زندگی کی علامت مگر موت بھی ہے

مری عمر کا آخری دن

کسی باب آتش زدہ پر کھڑا مسکرانے لگا ہے

کہیں ہجر کی ساعتیں گنتے گنتے مجھے نیند آئی ہوئی ہے

شمار ستارہ نے شاید مرے دل کی رنگیں خلیوں میں

کالے لہو کی عبارت لکھی ہے

سمندر میں ڈوبا ہوا اک مکاں جل رہا ہے

مزید غزلیں از احمد ظفر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں