پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد جہانگیر کی غزلیں — Ahmad Jahangir Ghazals

احمد جہانگیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زنجیروں سے بندھا ہوا ہر ایک یہودی تکتا تھا (غزل)

زنجیروں سے بندھا ہوا ہر ایک یہودی تکتا تھا

کوسوں دور سے بابل کا روشن مینار چمکتا تھا

غار کی رنگیں تصویروں کو اور زمانے دیکھیں گے

ہم نے بس وہ نقش کیا جو اس لمحے بن سکتا تھا

اک شفاف دریچے میں کچھ رنگ برنگے منظر تھے

گل دانوں میں پھول فروزاں آتش دان بھڑکتا تھا

میں جس مسند پر تھا وہ تو اک گوشے میں رکھی تھی

اور دریچہ چپکے سے منظر کی سمت سرکتا تھا

بارش چھپر تیز ہوائیں مصری جیسے سندھی گیت

یار سرائے کے چولھے پر میٹھا قہوہ پکتا تھا

جنگل گاؤں پرندے انساں قصے میں سب لاکھوں تھے

سیارے کا سورج لیکن تنہائی میں یکتا تھا

گاتھا پڑھ کر آتش دھونکی گنگا سے اشنان (غزل)

گاتھا پڑھ کر آتش دھونکی گنگا سے اشنان

میں نے ہر یگ نذر گزاری ہر پیڑھی میں دان

دھیان لگا کر آنکھیں موندیں بیٹھا گھٹنے ٹیک

میٹھا لفظ بھجن بن اترا سچا شعر گنان

ماں دھرتی کو پیش‌‌‌ سخن کے رنگ برنگے پھول

بھاگ بھری کو بھینٹ سنہرے مصرعے کا لوبان

سایہ سچل شاہ کی اجرک روشن میر چراغ

امروہے سے اٹھ کر آئے ہم باغ ملتان

سیارے پر زردی اتری دریا مٹی خشک

ہاتھی پر ہودج کسواؤ ناقے پر پالان

اے دھرتی کے تیاگی اٹھ کر گھور خلا میں بیٹھ

اگلی گاڑی کی گھنٹی تک تو ہے اور رحمان

فرش لپیٹے تارے جھاڑے نرسنگے کی پھونک

پالن ہارا تو داتا ہے کر جو چاہے ٹھان

منظر آب و تاب سمیٹے شاید ہے موجود

لمس حقیقت عکس مجسم آوازوں پر کان

مزید غزلیں از احمد جہانگیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں