احمد افتخار خٹک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میرے ماتھے پہ لکھو بخت سے ہارا ہوا ہے (غزل)
میرے ماتھے پہ لکھو بخت سے ہارا ہوا ہے
اک زبردست زبردست سے ہارا ہوا ہے
ہارتے ہارتے سب ہار گیا عشق میں میں
سب سمجھتے ہیں مگر دشت سے ہارا ہوا ہے
دیکھنا چاہتا ہے پیڑ پہ پھلتے ہوئے پھول
ایک پتا جو ترے تخت سے ہارا ہوا ہے
اب جو ہجراں میں مجھے دیتا ہے تاویلیں بہت
ذہن وہ جو دل کم بخت سے ہارا ہوا ہے
دشت امکان کھلا مجھ پہ تو معلوم پڑا
ہر کوئی دل کے در و بست سے ہارا ہوا ہے
میں سمجھتا ہوں زمانے کا اشارہ احمدؔ
اور یہاں کون ہے جو دشت سے ہارا ہوا ہے
فائدہ ہے یا خسارہ ہم کو سب معلوم ہے (غزل)
فائدہ ہے یا خسارہ ہم کو سب معلوم ہے
کیوں کریں ہم استخارہ ہم کو سب معلوم ہے
لوگ کیوں خود کو بتاتے ہیں ہمارا خیر خواہ
کون ہے کتنا ہمارا ہم کو سب معلوم ہے
کس کے گھر میں تیرگی کا راج تھا کل رات کو
چاند کس کے گھر اتارا ہم کو سب معلوم ہے
زندگی ہے نام جس کا زندگی ہرگز نہیں
کر رہے ہیں سب گزارا ہم کو سب معلوم ہے
سو سمندر آنکھ میں تو سو کنارے ہاتھ پر
کیا سمندر کیا کنارا ہم کو سب معلوم ہے
کیا کھلی ہے کائناتی رمز کی سچی کتاب
کیا ہوا ہے آشکارا ہم کو سب معلوم ہے
جان دے کر ہی بچایا ہم نے اس دستار کو
پھر اٹھا ہے سر ہمارا ہم کو سب معلوم ہے
اپنی عادت سے تو واقف ہی نہیں اب تک یہ لوگ
لوٹ آئیں گے دوبارہ ہم کو سب معلوم ہے
چاند ذرہ ہے ہماری ہی زمیں کا افتخارؔ
آسماں ہے اک ستارا ہم کو سب معلوم ہے