پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد ارمانی کی غزلیں — Ahmad Armani Ghazals

احمد ارمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا ہوا کب کہاں نہیں معلوم (غزل)

کیا ہوا کب کہاں نہیں معلوم

کتنے اجڑے مکاں نہیں معلوم

مجھ سے گلشن میں باغباں اتنا

کیوں ہوا بد گماں نہیں معلوم

دل بھی غائب ہے آج پہلو سے

جانے ہوگا کہاں نہیں معلوم

وہ ستم گر بھی حال پر میرے

کب ہوا مہرباں نہیں معلوم

مجھ کو جوش جنوں نے اے احمدؔ

لا کے چھوڑا کہاں نہیں معلوم

جوش وحشت میں گریباں پہ نظر ہے شاید (غزل)

جوش وحشت میں گریباں پہ نظر ہے شاید

یہی دیوانے کا سامان سفر ہے شاید

میں تو صرف آپ کی بدنامی کا کرتا ہوں خیال

آپ کو بھی مری رسوائی کا ڈر ہے شاید

ان کے دامن پہ جو ٹپکا تھا خوشی کا آنسو

میں تو سمجھا تھا درخشندہ گہر ہے شاید

روندا جاتا ہے جو پیروں سے عبث مقتل میں

یہ کسی عاشق ناکام کا سر ہے شاید

بے پیے ہوش فراموش ہیں سارے مے کش

ان کی مخمور نگاہوں کا اثر ہے شاید

زلف و رخ دیکھ کے احمدؔ یہ گماں ہوتا ہے

شام کی گود میں بیتاب سحر ہے شاید

مزید غزلیں از احمد ارمانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں