پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد عقیل کی غزلیں — Ahmad Aqeel Ghazals

احمد عقیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ان کی ہر بات ہی اردو میں سند ہے حد ہے (غزل)

ان کی ہر بات ہی اردو میں سند ہے حد ہے

میرا لکھا ہوا ہر لفظ ہی رد ہے حد ہے

نذر تشکیک نہ کر پاک نگاہی کو مری

تجھ سے ملنا بھی کوئی خواہش بد ہے حد ہے

ہر نئے پنچھی کو اڑنے نہیں دیتی دنیا

ہر کسی دل میں بھرا کینہ و کد ہے حد ہے

مجھ کو دیکھا جو سر بزم تو منہ پھیر لیا

اپنے وعدوں سے یہ اعراض عمد ہے حد ہے

پہلے خود ہی مرے خوابوں کو سبوتاژ کیا

اب ضرورت ہے مری اور اشد ہے حد ہے

یوں تو احباب کی تعداد زیادہ ہے مگر

اتنی مشکل میں رسد ہے نہ مدد ہے حد ہے

قیس کے در کا میں سجادہ نشیں ہوں لیکن

لوگ کہتے ہیں کہ تو اہل خرد ہے حد ہے

یہ طرز تکلم ہے ترا ہم نفساں سے (غزل)

یہ طرز تکلم ہے ترا ہم نفساں سے

تو دیکھ رہا ہے نظر سود و زیاں سے

تحقیر مری اس سے سوا بزم میں کیا ہو

میں تجھ سے مخاطب تو فلاں ابن فلاں سے

کیا معرکۂ طور بپا ہونے لگا ہے

اک شعلہ لپکتا ہے مرے قلب تپاں سے

مے خانۂ اجمیر سے وہ رنگ ہے مفقود

اب شکوہ مجھے کچھ بھی نہیں پیر مغاں سے

فرہاد کی مسند پہ اگر بیٹھنا چاہے

پھر سوچ کی بنیاد اٹھا کوہ گراں سے

ہنستے ہوئے کرنا ہے رفو زخم جگر کا

کچھ کام نہیں بنتا یہاں آہ و فغاں سے

شاعر ہوں مروں گا تو کسی ڈھب سے مروں گا

اے دوست کوئی ریل گزرتی ہے یہاں سے

مزید غزلیں از احمد عقیل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں