پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آغاز بلڈانوی کی غزلیں — Aghaz Buldanvi Ghazals

آغاز بلڈانوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لوگ ملتے بچھڑتے رہتے ہیں (غزل)

لوگ ملتے بچھڑتے رہتے ہیں

رشتے بنتے بگڑتے رہتے ہیں

یہ نئے راستے ہیں چاہت کے

آئے دن جو اکھڑتے رہتے ہیں

غم نہ کر دل کے ٹوٹ جانے کا

یہ چمن تو اجڑتے رہتے ہیں

ہے زمانہ نئی روایت کا

لوگ باہم جھگڑتے رہتے ہیں

دل رفو کب تلک کرو گے تم

کچے دھاگے ادھڑتے رہتے ہیں

بہتے رہتے ہیں اشک آنکھوں سے

اور گنہ میرے جھڑتے رہتے ہیں

پیار جب بھی جتانا ہوتا ہے

مجھ سے آغازؔ لڑتے رہتے ہیں

نرم ریشم سی ملائم کسی مخمل کی طرح (غزل)

نرم ریشم سی ملائم کسی مخمل کی طرح

سرد راتوں میں تری یاد ہے کمبل کی طرح

میں زمانے سے الجھ سکتا ہوں اس کی خاطر

جو سجاتا ہے مجھے آنکھ میں کاجل کی طرح

کوئی ساگر کہیں پیاسا جو نظر آئے تو

ہم برستے ہیں وہیں ٹوٹ کے بادل کی طرح

خوبصورت تھی یہ کشمیر کی وادی جیسی

زندگی تیرے بنا لگتی ہے چمبل کی طرح

شہر کی آب و ہوا نے مرے بچے چھینے

میں اکیلا ہی رہا گاؤں کے پیپل کی طرح

مزید غزلیں از آغاز بلڈانوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں