پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افضل الہ آبادی کی غزلیں — Afzal Allahabadi Ghazals

افضل الہ آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب تو ہر ایک اداکار سے ڈر لگتا ہے (غزل)

اب تو ہر ایک اداکار سے ڈر لگتا ہے

مجھ کو دشمن سے نہیں یار سے ڈر لگتا ہے

کیسے دشمن کے مقابل وہ ٹھہر پائے گا

جس کو ٹوٹی ہوئی تلوار سے ڈر لگتا ہے

وہ جو پازیب کی جھنکار کا شیدائی ہو

اس کو تلوار کی جھنکار سے ڈر لگتا ہے

مجھ کو بالوں کی سفیدی نے خبردار کیا

زندگی اب تری رفتار سے ڈر لگتا ہے

کر دیں مصلوب انہیں لاکھ زمانے والے

حق پرستوں کو کہاں دار سے ڈر لگتا ہے

وہ کسی طرح بھی تیراک نہیں ہو سکتا

دور سے ہی جسے منجدھار سے ڈر لگتا ہے

میرے آنگن میں ہے وحشت کا بسیرا افضلؔ

مجھ کو گھر کے در و دیوار سے ڈر لگتا ہے

تم ہمارے ہو ہم تمہارے ہیں (غزل)

تم ہمارے ہو ہم تمہارے ہیں

جیسے دریا کے دو کنارے ہیں

روٹھے روٹھے سے سب نظارے ہیں

اک ہمیں ہیں جو غم کے مارے ہیں

وہ ملاتے ہیں نظر ہم سے

اور کہتے ہیں ہم تمہارے ہیں

حوصلہ ہے ہمارے دل میں ابھی

ہم کہاں زندگی سے ہارے ہیں

کیا بتائیں کہ تیری فرقت میں

کس طرح ہم نے دن گزارے ہیں

اس کو میری کبھی ستائے کیوں

جس کے دامن میں چاند تارے ہیں

ہم کو افضلؔ ہے آسرا اس کا

کیسے کہہ دیں کہ بے سہارے ہیں