افسر سلیم افسر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شاید وہ پڑھ سکیں گے نہ لکھا ہوا تمام (غزل)
شاید وہ پڑھ سکیں گے نہ لکھا ہوا تمام
خط میرا آنسوؤں میں ہے بھیگا ہوا تمام
روداد درد عشق سنانے چلا تھا میں
تم سے ملی نگاہ تو قصہ ہوا تمام
دل میرا حسرتوں کی ہے دنیا لئے ہوئے
آنکھوں میں سیل اشک ہے ٹھہرا ہوا تمام
اونچی عمارتیں ہیں مگر پستہ قد ہیں لوگ
یہ تیرا شہر میرا ہے دیکھا ہوا تمام
تیور کچھ اب کے اور ہیں فصل بہار کے
غنچہ کوئی کھلا بھی تو بکھرا ہوا تمام
اب یہ چمن بھی دوستو کچھ غیر سا لگے
ہر چند اپنے خوں سے ہے سینچا ہوا تمام
ان مہ رخوں کے عشق میں افسرؔ مرا کلام
آتا ہے بام عرش سے نکھرا ہوا تمام
خیالوں میں تم کو بسانے لگا ہوں (غزل)
خیالوں میں تم کو بسانے لگا ہوں
میں خود سے بہت دور جانے لگا ہوں
خوشی ایک چاہی تو انجام یہ ہے
کہ خوشیوں سے دامن بچانے لگا ہوں
گئے جب سے تم دور نظروں سے میری
تمہیں دل کے نزدیک پانے لگا ہوں
کہیں پھر نہ دیکھے وہ نظر کرم سے
سکوں بے رخی میں جو پانے لگا ہوں
تفکر ہے چہرے پہ پھر باغباں کے
کہ پھر سے نشیمن بنانے لگا ہوں
نئے غم نئی آرزوئیں ہیں افسرؔ
نئی اک غزل گنگنانے لگا ہوں