افسر ماہ پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا بتائیں حال دل ان کی شناسائی کے بعد (غزل)
کیا بتائیں حال دل ان کی شناسائی کے بعد
حبس بڑھتا ہی چلا جاتا ہے پروائی کے بعد
ایک مدت پر خیال ان کا کہاں سے آ گیا
کتنی اچھی انجمن لگتی ہے تنہائی کے بعد
جب نظر آیا نہ ساحل ان کی چشم ناز میں
کیا دکھائی دے گا وہ دریا کی گہرائی کے بعد
در بدر کی ٹھوکریں کھائیں محبت میں تو کیا
ہو گئے ہم محترم کچھ اور رسوائی کے بعد
ہم کہاں ہوں گے نہ جانے اس تماشا گاہ میں
کس تماشائی سے پہلے کس تماشائی کے بعد
ان کے بارے میں فقط اتنا ہمیں معلوم ہے
اب وہ رہتے ہیں ہمارے دل کی انگنائی کے بعد
خوب ہے افسرؔ ہمیں اپنی حقیقت کی خبر
کیا ہمارا نالۂ دل ان کی شہنائی کے بعد
شب کو پازیب کی جھنکار سی آ جاتی ہے (غزل)
شب کو پازیب کی جھنکار سی آ جاتی ہے
بیچ میں پھر کوئی دیوار سی آ جاتی ہے
ان کا انداز نظر دیکھ کے محفل میں کبھی
مجھ میں بھی جرأت اظہار سی آ جاتی ہے
اس ادا سے کبھی چلتی ہے نسیم سحری
خشک پتوں میں بھی رفتار سی آ جاتی ہے
ہم تو اس وقت سمجھتے ہیں کہ آتی ہے بہار
دشت سے جب کوئی جھنکار سی آ جاتی ہے