آدتیہ تیواری شمس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیسے خود ہی کہوں کہ کیا ہوں میں (غزل)
کیسے خود ہی کہوں کہ کیا ہوں میں
تم کہو تم کو کیا لگا ہوں میں
اب کے جب ہوش آ گیا مجھ کو
ان کے کوچے سے جا رہا ہوں میں
نیند میں خواب دیکھتے ہیں سب
خواب میں نیند دیکھتا ہوں میں
تم تو میرے لیے کھڑے ہوتے
تم کو معلوم تھا نہ کیا ہوں میں
شمسؔ دیر و حرم کی بستی میں
ایک ہی میکدہ بچا ہوں میں
جب مجھے موت آ رہی ہوگی (غزل)
جب مجھے موت آ رہی ہوگی
سامنے پوری زندگی ہوگی
چیخ کر کوئی تھک چکا ہوگا
تب کہیں خامشی ہوئی ہوگی
سوچتا ہوں کہ جب نہ ہو گے تم
بعد بھی اس کے زندگی ہوگی
ہجر کی شب کے بعد میرے لیے
ہجر کی ایک صبح بھی ہوگی
بات راجہ پہ آ گئی ہے اب
اس کو پیادوں کی فکر بھی ہوگی
میرے آنے سے کیا بڑھا تھا کچھ
میرے جانے سے کیا کمی ہوگی
میرے محفل سے جانے پر بھی شمسؔ
دم بدم یوں ہی شاعری ہوگی
مزید غزلیں از آدتیہ تیواری شمس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں