پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ادیب سہارنپوری کی غزلیں — Adeeb Saharanpuri Ghazals

ادیب سہارنپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک خلش کو حاصل عمر رواں رہنے دیا (غزل)

اک خلش کو حاصل عمر رواں رہنے دیا

جان کر ہم نے انہیں نامہرباں رہنے دیا

آرزوئے قرب بھی بخشی دلوں کو عشق نے

فاصلہ بھی میرے ان کے درمیاں رہنے دیا

کتنی دیواروں کے سائے ہاتھ پھیلاتے رہے

عشق نے لیکن ہمیں بے خانماں رہنے دیا

اپنے اپنے حوصلے اپنی طلب کی بات ہے

چن لیا ہم نے تمہیں سارا جہاں رہنے دیا

کون اس طرز جفاۓ آسماں کی داد دے

باغ سارا پھونک ڈالا آشیاں رہنے دیا

یہ بھی کیا جینے میں جینا ہے بغیر ان کے ادیبؔ

شمع گل کر دی گئی باقی دھواں رہنے دیا

نغمۂ عشق بتاں اور ذرا آہستہ (غزل)

نغمۂ عشق بتاں اور ذرا آہستہ

ذکر نازک بدناں اور ذرا آہستہ

میرے محبوب کی یادوں کے بھڑکتے ہیں چراغ

اے نسیم گزراں اور ذرا آہستہ

جس طرف سے وہ گزرتے ہیں صدا آتی ہے

اے قرار دل و جاں اور ذرا آہستہ

دل ہر اک گام پہ لوگوں نے بچھا رکھے ہیں

اور اے سرو رواں اور ذرا آہستہ

کوچۂ دوست میں آہستہ روی کے با وصف

دل یہ کہتا ہے یاں اور ذرا آہستہ

ان پہ موج نفس گل بھی گراں گزرے ہے

پرسش غم زدگاں اور ذرا آہستہ

باندھ کر عہد وفا کوئی گیا ہے مجھ سے

اے مری عمر رواں اور ذرا آہستہ

کم عبادت سے نہیں ذکر بتوں کا بھی عزیزؔ

بارے توصیف بتاں اور ذرا آہستہ