پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ابو الحسین آزاد کی غزلیں — Abul Husain Azad Ghazals

ابو الحسین آزاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نوشتہ ہائے حقیقت جو نا امید کریں (غزل)

نوشتہ ہائے حقیقت جو نا امید کریں

گماں کے دیس میں کس سے یقیں خرید کریں

وہ بے دلی ہے کہ سانسیں غبار لگتی ہیں

وہ تیرگی ہے کہ جگنو ملے تو عید کریں

یہ کیا کہ عمر رواں سب قتال میں گزرے

خوشی ہلاک کریں آرزو شہید کریں

وہ اگلے وقتوں کا وعدہ تو ہو چکا رسوا

سو عہد نامہ مرتب کوئی جدید کریں

میں اب ارادت و بیعت سے ہو چکا تائب

جناب شیخ کسی اور کو مرید کریں

ہر اک پڑاؤ کا حاصل ہے بس یہی مژدہ

تلاش جاری رکھیں جستجو مزید کریں

وجود نغمہ سرا ہے حیات رقص میں ہے (غزل)

وجود نغمہ سرا ہے حیات رقص میں ہے

وہ سر خوشی ہے کہ سب کائنات رقص میں ہے

چرا کے لایا ہوں چرخ کہن سے تابانی

حضور عدل مری واردات رقص میں ہے

وہ چل پڑا ہے سوئے حشر کوئی آوارہ

ترازو وجد میں ہے پل صراط رقص میں ہے

گناہ رسم کشی ہم پہ کیوں نہ ہو ثابت

ثبوت ناچ رہے ہیں ثبات رقص میں ہے

جھٹک دیا ہے یہ کس مہ جبیں نے زلفوں کو

کہ تابشوں سے بیاباں کی رات رقص میں ہے

طبیب نسخے میں آزادؔ لکھ رہا ہے جنوں

خوشا وہ درد کہ جس سے نجات رقص میں ہے

مزید غزلیں از ابو الحسین آزاد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں