پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ابرار کرتپوری کی غزلیں — Abrar Kiratpuri Ghazals

ابرار کرتپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل و جان صدقے ہوتے کبھی دل نثار ہوتا (غزل)

دل و جان صدقے ہوتے کبھی دل نثار ہوتا

تمہیں ہم گلے لگاتے اگر اختیار ہوتا

انہیں سوچتا میں دل سے تو غزل کے پھول کھلتے

جو زباں پہ حرف آتا گل مشک بار ہوتا

مرا معتبر گریباں مرا محترم گریباں

نہ بہار گھر میں آتی نہ یہ تار تار ہوتا

در غیر پر ہوا خم گیا اعتبار سر کا

در یار پر جو جھکتا سر افتخار ہوتا

وہ نگاہ ناز اٹھتی تو کئی کے ہوش اڑتے

وہ نگاہ ناز جھکتی تو کوئی نثار ہوتا

رہ عشق میں ہیں نعمت شب غم کی تلخیاں بھی

جو گزارتا شب غم بڑا پر وقار ہوتا

وسوسے دل میں نہ رکھ خوف رسن لے کے نہ چل (غزل)

وسوسے دل میں نہ رکھ خوف رسن لے کے نہ چل

عزم منزل ہے تو ہمراہ تھکن لے کے نہ چل

راہ منزل میں بہر حال تبسم فرما

ہر قدم دکھ سہی ماتھے پہ شکن لے کے نہ چل

نور ہی نور سے وابستہ اگر رہنا ہے

سر پہ سورج کو اٹھا صرف کرن لے کے نہ چل

پہلے فولاد بنا جسم کو اپنے اے دوست

بارش سنگ میں شیشہ سا بدن لے کے نہ چل

آس انصاف کی منصف سے نہیں ہے تو نہ رکھ

ناامیدی کی مگر دل میں چبھن لے کے نہ چل

راہبر دیش بھگتی کا وہ (نظم)

راہبر دیش بھگتی کا وہ

شاہ تھا اک لنگوٹی کا وہ

پیار کے وہ لٹاتا تھا پھول

تھا اہنسا اسی کا اصول

نرمی سے زندگی تنگ کی

اس نے انگریزوں سے جنگ کی

حوصلے ہو گئے ان کے پست

آن پہنچی جو پندرہ اگست

دل ہر اک شاد ہو ہی گیا

دیش آزاد ہو ہی گیا

دوستی کا سبق دے گیا

مر کے جاوید وہ ہو گیا

پھر کریں یاد اس کے اصول

اور چڑھائیں عقیدت کے پھول