ابرار اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کمرے میں دھواں درد کی پہچان بنا تھا (غزل)
کمرے میں دھواں درد کی پہچان بنا تھا
کل رات کوئی پھر مرا مہمان بنا تھا
بستر میں چلی آئیں مچلتی ہوئی کرنیں
آغوش میں تکیہ تھا سو انجان بنا تھا
وہ میں تھا مرا سایہ تھا یا سائے کا سایہ
آئینہ مقابل تھا میں حیران بنا تھا
نظروں سے چراتا رہا جسموں کی حلاوت
سنتے ہیں کوئی صاحب ایمان بنا تھا
ندی میں چھپا چاند تھا ساحل پہ خموشی
ہر رنگ لہو رنگ کا زندان بنا تھا
حرفوں کا بنا تھا کہ معانی کا خزینہ
ہر شعر مرا بحث کا عنوان بنا تھا
کس کا ہے جرم کس کی خطا سوچنا پڑا (غزل)
کس کا ہے جرم کس کی خطا سوچنا پڑا
رہتے ہیں کیوں وہ ہم سے خفا سوچنا پڑا
گل کی ہنسی میں رقص نجوم و قمر میں بھی
شامل ہے کتنی تیری ادا سوچنا پڑا
جب بھی مری وفاؤں کی بات آ گئی کہیں
ان کو پھر ایک عذر جفا سوچنا پڑا
غنچے اداس گل ہیں فسردہ چمن چمن
کس کا کرم ہے باد صبا سوچنا پڑا
شاید تمہاری یاد مرے پاس آ گئی
یا ہے مرے ہی دل کی صدا سوچنا پڑا
جب بھی کوئی بھٹک کے سر راہ آ گیا
کتنی کٹھن ہے راہ وفا سوچنا پڑا
زنداں کی بات دار کے چرچے رسن کا ذکر
کتنی عجب ہے طبع رسا سوچنا پڑا
خوش بو کا اک جھونکا آیا (نظم)
خوش بو کا اک جھونکا آیا
اس نے مڑ کر دیکھا
ننگے بازو ابھرا سینہ
گوری سڈول تھرکتی رانیں
منی سکرٹ، چیختا جسم
گول مچلتی رانیں
اس نے غور سے دیکھا
لبوں سے نکلی سسکاری سی
سگریٹ اک سلگایا
الٹی سمت کو بھاگتے کھیتوں
اور کھمبوں کو دیکھا
سب بے کار ہے کوئی بولا
چیخیں، لذت، نشہ
نفرت، لذت، نشہ
لوگوں نے جب الگ کیا تو
دیکھا
گرم ران میں خون کے قطرے
تھر تھر کانپ رہے تھے
اور منہ میں لگے خون کو وہ
پیہم چاٹ رہا تھا