پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عابد ودود کی غزلیں — Abid Wadood Ghazals

عابد ودود کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ گھر سکون کدہ ہے نہ کارخانۂ عشق (غزل)

نہ گھر سکون کدہ ہے نہ کارخانۂ عشق

مگر یہ ہم ہیں کہ لکھتے رہے ہیں نامۂ عشق

بہت سے نام تھے اب کوئی یاد آتا نہیں

ہمارے دل میں رہا دفن اک خزانۂ عشق

سب اپنے اپنے طریقے سے بھیک مانگتے ہیں

کوئی بنام محبت کوئی بہ جامۂ عشق

تمہی پہ کیا کہ ہم اب خود پہ بھی نہیں کھلتے

تو کیا یہ کم ہے کہ ہم پر کھلا فسانۂ عشق

کئی زمانے گئے اور بدل گیا سب کچھ

مگر کبھی نہیں بدلا ترا زمانۂ عشق

سلگتے رہنے کی لذت اسے کہاں معلوم

کہ جب تلک کوئی بنتا نہیں نشانۂ عشق

اسے پھر اپنی خبر بھی نہیں رہی عابدؔ

لگا ہے جس کو بھی اک بار تازیانۂ عشق

زخم کے رنگ ہیں کیا میری ردا جانتی ہے (غزل)

زخم کے رنگ ہیں کیا میری ردا جانتی ہے

کس نے کی کس سے وفا خود یہ وفا جانتی ہے

اب قفس اور گلستاں میں کوئی فرق نہیں

ہم کو خوشبو کی طلب ہے یہ صبا جانتی ہے

خود پرستی کے محلات میں رہنے والو

زلزلہ آنے کو ہے لرزش پا جانتی ہے

میں نہیں جانتا دریوزہ گری کو لیکن

میرے لب پر ہے دعا کیا یہ دعا جانتی ہے

کشتیٔ عمر مری ڈول رہی ہے عابدؔ

ساحل زیست کی آلودہ ہوا جانتی ہے

مزید غزلیں از عابد ودود ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں