پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالستار دانش کی غزلیں — Abdus Sattar Danish Ghazals

عبدالستار دانش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نقش ہے ہر ظلم جس کا وادئ کشمیر پر (غزل)

نقش ہے ہر ظلم جس کا وادئ کشمیر پر

اس نے دہشت گرد لکھا امن کی تصویر پر

کاہلی کی لگ گئی دیمک ہر اک تدبیر پر

اکتفا کرکے وہ شاید رہ گیا تقدیر پر

تیز رکھنا دھار اپنے حوصلے کی ہر گھڑی

منحصر ہے زندگی کی جنگ اس شمشیر پر

رکھ توازن کچھ تو واعظ تو بھی قول و فعل میں

لوگ گرویدہ نہیں ہوتے فقط تقریر پر

تین سو تیرہ کے جیسے شرط ہیں اوصاف بھی

فتح نا ممکن ہے خالی نعرۂ تکبیر پر

کیسے دستک دے بھلا کوئی خوشی در پر مرے

جب غموں کا سانپ آ کر چڑھ گیا زنجیر پر

کھل اٹھا ہر ایک دانشؔ غنچہ اہل سخن

خون دل چھڑکا جو ہم نے گلشن تحریر پر

رکاوٹ راستے کی میل کا پتھر نہیں ہوتا (غزل)

رکاوٹ راستے کی میل کا پتھر نہیں ہوتا

نظر منزل پہ ہو تو فاصلوں کا ڈر نہیں ہوتا

قلعہ ایمان کا مضبوط ہو تو سر نہیں ہوتا

خدا سے ڈرنے والوں کو کسی کا ڈر نہیں ہوتا

بھٹکتی ہے خوشی خانہ بدوشی کی طرح در در

جہاں میں مستقل اس کا کہیں بھی گھر نہیں ہوتا

فقط اعمال اور کردار پر ہیں منحصر رتبے

کما کر مال و دولت آدمی برتر نہیں ہوتا

غریبی ملک میں پھیلی ہوئی کیسے دکھائی دے

سیاسی عینکوں میں دور کا نمبر نہیں ہوتا

رسد آتی نہیں دانشؔ کبھی جنگ مقدر میں

بشر تنہا ہی لڑتا ہے کوئی لشکر نہیں ہوتا

مزید غزلیں از عبدالستار دانش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں