عبدالرشید خان کیفی مہکاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آرزو کو سلام کرتے ہیں (غزل)
آرزو کو سلام کرتے ہیں
دل کا قصہ تمام کرتے ہیں
آ سکے گا نہ لب پہ راز عشق
حسن کا احترام کرتے ہیں
اس فریب خیال کے صدقے
آپ مجھ سے کلام کرتے ہیں
اے فلک کچھ تو چین لینے دے
دو گھڑی کو مقام کرتے ہیں
خاک بھی اب نہیں شہیدوں کی
کیوں وہ عزم خرام کرتے ہیں
سب ہی دیتے ہیں جان یوں کیفیؔ
آپ کیا ایسا کام کرتے ہیں
ہر گھڑی اک نئی مصیبت ہے (غزل)
ہر گھڑی اک نئی مصیبت ہے
ان کا آنا بھی کیا قیامت ہے
دل ہے ناکامیوں کی لذت ہے
نہ تمنا ہے اب نہ حسرت ہے
گاہے راحت گہے مصیبت ہے
ہائے کیا چیز یہ محبت ہے
عرض مطلب کی ان سے جرأت ہے
دل ناداں یہ کیا قیامت ہے
غیر پر بھی وہی ہے رنگ ستم
ہاں مجھے آپ سے شکایت ہے
باز آؤ بھی عشق سے کیفیؔ
عافیت بس اسی میں حضرت ہے
مزید غزلیں از عبدالرشید خان کیفی مہکاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں