عبدالرشید خاں کیفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نشیمن جل چکا اہل چمن ہیں سرگراں ہم سے (غزل)
نشیمن جل چکا اہل چمن ہیں سرگراں ہم سے
قفس سے چھوٹ کر جائیں کہاں بے خانماں ہم سے
سنائیں اب انہیں کس منہ سے قصہ حسرت دل کا
ہوئے ہیں ایک حرف آرزو پر بد گماں ہم سے
جبین و سنگ در کا تفرقہ یکسر مٹا ڈالا
قریں سجدوں نے اتنا کر دیا ہے آستاں ہم سے
جلایا آشیاں پھونکا چمن پھر بھی نہ چین آیا
طلب اب اور کیا کرتی ہیں آخر بجلیاں ہم سے
کرم تھا آبلوں کا اور عنایت ساتھیوں کی تھی
ذرا سی دور منزل تھی کہ چھٹا کارواں ہم سے
کبھی تو جذبۂ الفت دکھائے گا اثر کیفیؔ
نہ پوچھی جائے گی کب تک ہماری داستاں ہم سے
مخمور ادائے ساقی ہے محروم دل ناکام نہیں (غزل)
مخمور ادائے ساقی ہے محروم دل ناکام نہیں
کھینچ آئی ہے میرے ساغر میں وہ مے جو رہین جام نہیں
دنیائے چمن ہے پیش نظر پھرتا ہے سماں آنکھوں میں وہی
ہم لاکھ رہیں پابند قفس کچھ دل تو اسیر دام نہیں
کیوں داغ لہو کے دھوتے ہو کیوں زینت دامن کھوتے ہو
بے کار پریشاں ہوتے ہو تم پر تو کوئی الزام نہیں
وہ محو تغافل سنتا ہے ہم کہتے ہیں دل کا افسانہ
کچھ باتیں ہیں بہکی بہکی سی آغاز نہیں انجام نہیں
یا ہم ہی نہیں شایان جفا یا اس کو نہیں ہے قدر وفا
اس بزم میں کیفیؔ ورنہ کوئی محروم نہیں ناکام نہیں