پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبداللّٰہ ثاقب کی غزلیں — Abdullah Saqib Ghazals

عبداللّٰہ ثاقب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سر سبک باری سے کوئی در پہ خم ہونے کو ہے (غزل)

سر سبک باری سے کوئی در پہ خم ہونے کو ہے

خاک کا پتلا ہے زیر خاک ضم ہونے کو ہے

ایک صحرا جو نمی کی جنس سے واقف نہیں

میرے اشکوں کی فراوانی سے نم ہونے کو ہے

آسمانوں سے صدائیں آ رہی ہیں دم بہ دم

معجزہ ہونے کو ہے اب کوئی دم ہونے کو ہے

عرش محو یاس ہے اور کہہ رہا ہے اک ملک

قد آدم گھٹ چکا ہے اور کم ہونے کو ہے

اک سروری کیفیت یکسر مزہ دیتی نہیں

جو خوشی کل تک خوشی تھی آج غم ہونے کو ہے

کیا بہار و خشک سالی کیا عروج اور کیا زوال

کل زمین و آسماں مجھ کو بہم ہونے کو ہے

کر دئے مسمار میں نے سب بتان آذری

بت کدہ اب آن میں مثل حرم ہونے کو ہے

مطلع ہستی غبار آلود تھا کیوں صاف ہے

دل مکرر کہہ رہا چشم کرم ہونے کو ہے

اک نظر اس سمت دیکھو حال دنیا جان لو

آنکھ پیالہ پیر کا اب جام جم ہونے کو ہے

اے فقیہان حرم اے مفتیان کج روش

بوالہوس جو کل تھا اب وہ محترم ہونے کو ہے

دل کو ترے خیال میں حل کر دیا گیا (غزل)

دل کو ترے خیال میں حل کر دیا گیا

بے اعتبار چیز کو شل کر دیا گیا

اب تیرگی کو چاہیے گستاخ دوسرا

اپنی ردا سمیٹ کے جل کر دیا گیا

بے لوث پیش کی گئیں منکر کو صحبتیں

ہم کو عشائیہ بھی سنبھل کر دیا گیا

لاہوت تک رسائی کی کھاتے تھے جو قسم

شہر طرب میں ان کو مظل کر دیا گیا

ہر غم دل نزار کا خوں میں لپیٹ کر

بزم سخن وراں میں غزل کر دیا گیا

اللہ کیا بلا ہے یہ دور جدیدیت

ہر آگہی کو آن میں چھل کر دیا گیا

کیسا جواب چاہیے من جانب دلاں

لب لباب جب کہ کچل کر دیا گیا

صدائے خوش خرام تھی (نظم)

صدائے خوش خرام تھی

ادائے دلبری لیے

مژہ سے تیر پھینکتی ہوئی مری طرف رواں دواں

خدا گواہ جیسے مرمریں بدن لیے عدم سے کوئی رو میں ہو

قطار در قطار صنف ہائے خلق دیکھتی ہوئی

قضا بھی ٹھہر کر نظر بچا کے دیکھنے لگی

یہ کائنات عاشقوں کے واسطے بہت بڑی نہیں

مگر ذرا سے فاصلے کو سر کیا تو کئی ہزار نوری سال لگ گئے

تمہارے ہجر میں کئی برس گزار کے

وجود در وجود اپنا اندروں سنوار کے

کوئی پہاڑ دیکھ کر کے نصف عمر سو لیا

کئی برس ہوئے ہیں مجھ سے شاعری نہیں ہوئی

سروش نے بتایا تھا کہ چشمۂ وحی پہ تم نے بند باندھ رکھے تھے

بھلا سے یہ بھی کوئی بات ہے

چلو وہاں سے آئے ہو تو یہ بتاؤ میرا دائمی خدا کہاں گیا

وہ آتشیں پرت فضا میں اوڑھ کر کے کس کی سمت چل دیا

کلیم نے کہا تھا وہ تو اس کے ساتھ ہے یا وہ کسی کے ساتھ ہے

مگر مجھے تو صرف اس کی سمت جاننی ہے جان من

گلیشئر صدائے الاماں لگا چکے

سروں کے بادشاہ اپنے سر فضا میں کھو چکے

ابھی رکو

شکایتیں سنانے دو

شگوفۂ بدن ذرا سی دیر میں نکھارنا

مزید غزلیں از عبداللّٰہ ثاقب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں