عبداللہ ساجد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
غلط ہے میں نے وفاؤں میں کچھ کمی کی ہے (غزل)
غلط ہے میں نے وفاؤں میں کچھ کمی کی ہے
یہ اور بات ہے جو تم نے دشمنی کی ہے
زمانے والے جھکاتے ہیں سر ترے در پر
خلوص دل سے مگر کس نے بندگی کی ہے
وہ غم ملے ہیں کہ اشکوں سے بھر گیا دامن
تمہاری یاد میں برباد زندگی کی ہے
میں جب بھی ظلمت دیر و حرم سے گھبرایا
جوان عزم نے راہوں میں روشنی کی ہے
سسک رہی ہیں غم ہجر میں تمنائیں
کسی نے ہم سے بہت خوب دل لگی کی ہے
مری حیات کی پر پیچ رہ گذاروں میں
تمہارے نقش قدم ہی نے رہبری کی ہے
وہ لوگ ہوش میں آئیں تو کس طرح آئیں
جنہوں نے مست نگاہوں سے مے کشی کی ہے
شب فراق کی تاریکیوں میں اے ساجدؔ
جلا کے داغ جگر ہم نے روشنی کی ہے
خوشی کی بزم میں رنج و محن کی بات کرتا ہوں (غزل)
خوشی کی بزم میں رنج و محن کی بات کرتا ہوں
تہی ہے جام صہبائے کہن کی بات کرتا ہوں
نہ خاروں سے مجھے نفرت نہ پھولوں سے مجھے الفت
خزاں جس میں نہ آئے اس چمن کی بات کرتا ہوں
مرے دل میں بھی اک شعلہ محبت کا فروزاں ہے
میں کہنے کو تو قیس و کوہ کن کی بات کرتا ہوں
مرے افسانۂ غم میں ہر اک کا قصۂ غم ہے
میں اپنی بات کیا اک انجمن کی بات کرتا ہوں
مری حدت نہیں ساجدؔ زمانے کا تقاضہ ہے
جو میں اپنی غزل میں فکر و فن کی بات کرتا ہوں
نہ جانے کتنی تصویریں ابھرتی ہیں تصور میں (نظم)
نہ جانے کتنی تصویریں ابھرتی ہیں تصور میں
مرے نغمات جب بھی زیر لب تم گنگناتی ہو
کوئی بادل کا ٹکڑا چاند کو چھو کر گزرتا ہے
تو لگتا ہے کہ تم آنچل میں اپنا منہ چھپاتی ہو
چمن میں خار سے دامن تمہارا جب الجھتا ہے
نہ جانے اس گھڑی بے ساختہ کیوں مسکراتی ہو
بکھر جاتی ہیں شانوں پر گھنی زلفیں ہواؤں سے
تو اس دم اک نئے انداز سے تم سر جھکاتی ہو
مری تصویر سے کیوں والہانہ پیار ہے تم کو
بتاؤ کیوں مری تصویر سینے سے لگاتی ہو
ہزاروں دیپ جل اٹھتے ہیں یادوں کی منڈیروں پر
تصور کے شبستانوں میں جب تم مسکراتی ہو