عبدالغفور ساقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہر آدمی ہے مبتلا رنج و عذاب میں (غزل)
ہر آدمی ہے مبتلا رنج و عذاب میں
آرام سے ہے کون جہان خراب میں
رندوں کو کب ہے دوزخ و جنت سے واسطہ
زاہد مگر لگے ہیں حصول ثواب میں
جو لوگ ہیں زمانے میں سرگرم و مستعد
رہتے نہیں الجھ کے خیال اور خواب میں
جس کی ضیا سے ہونی تھی تزئین کائنات
وہ حسن چھپ سکا نہ کسی بھی حجاب میں
دنیا ہے جس کا نام مکمل فریب ہے
اہل نظر نہ کھوئیں کبھی اس سراب میں
یہ واقعہ ہے حضرت ساقیؔ کی زندگی
اب قید ہو کے رہ گئی جام شراب میں
زیست کی تلخیاں معاذ اللہ (غزل)
زیست کی تلخیاں معاذ اللہ
عشق کی گرمیاں معاذ اللہ
ہم نے سب کچھ لٹایا الفت میں
فکر سود و زیاں معاذ اللہ
یورش غم سے رہ گئیں دب کر
دل کی سرمستیاں معاذ اللہ
دوستی اور ربط ہے غم سے
اپنی دلچسپیاں معاذ اللہ
ہوئی تعمیر باعث تخریب
بس گئیں بستیاں معاذ اللہ
کیا نہیں معلوم کیا ہے زندگی (نظم)
کیا نہیں معلوم کیا ہے زندگی
دوستو آب بقا ہے زندگی
جہد پیہم کا صلہ ہے زندگی
آدمی کا مدعا ہے زندگی
فکر و فن کا رابطہ ہے زندگی
حسن ہے عشق و وفا ہے زندگی
چلتے ہیں کیوں لوگ بل کھاتے ہوئے
ایک سیدھا راستہ ہے زندگی
مرگ کیسی اور کہاں کا اختتام
ابتدا نا انتہا ہے زندگی
آدمی سوچے سمجھ لے دیکھ لے
اک انوکھا فلسفہ ہے زندگی
جب نظر آتا ہے کوئی دیدہ ور
سب پکار اٹھتے ہیں کیا ہے زندگی
زندگی ہے ایک نازک امتحاں
ایک مشکل مرحلہ ہے زندگی
ہے پیام زیست ساقی کی نوا
ایک شاعر کی صدا ہے زندگی