آتش رضا سینجپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ دہراؤ مجھے اس کی کمی اچھی نہیں لگتی (غزل)
نہ دہراؤ مجھے اس کی کمی اچھی نہیں لگتی
ادھوری داستان زندگی اچھی نہیں لگتی
چلو مل کر کٹے رستے پہ ہم اک پل بنا ڈالیں
ہمیں بھی گفتگو اب دور کی اچھی نہیں لگتی
یہ کیسا دور آیا ہے کہ اپنے گھر کے بچوں کو
بزرگوں کی اب اچھی بات بھی اچھی نہیں لگتی
عروج زندگی پایا ہے جس نے پل کے غربت میں
اسی انسان کو اب مفلسی اچھی نہیں لگتی
مجھے جب یاد آ جاتا ہے منظر گھر کے جلنے کا
چراغوں کی بھی آتشؔ روشنی اچھی نہیں لگتی
ہر چند ظلمتوں کے حوالے بہت ملے (غزل)
ہر چند ظلمتوں کے حوالے بہت ملے
رستے میں مجھ کو پھر بھی اجالے بہت ملے
انسانیت کا کون ہے قاتل پتہ تو ہے
لیکن سبھی زبانوں پہ تالے بہت ملے
جذبات دل نے عزم کو مغلوب کر دیا
منزل ملی تو پاؤں میں چھالے بہت ملے
لگتا ہے ان سروں پہ ہے اک بوجھ قرض کا
ہاتھوں میں تھرتھراتے نوالے بہت ملے
دل کو غم حسین کا پابند کر دیا
اس دل میں مجھ کو کربلا والے بہت ملے
کوئی بھی درد بانٹنے والا نہیں ملا
ہاں فیس بک پہ چاہنے والے بہت ملے
آتشؔ سنی ہے اہل سیاست کی گفتگو
سچائیوں میں مرچ مسالے بہت ملے