پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آتش رضا کی غزلیں — Aatish Raza Ghazals

آتش رضا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمہارے طنز کا ہر ایک تیر زندہ ہے (غزل)

تمہارے طنز کا ہر ایک تیر زندہ ہے

کہ کھا کے زخم دل بے ضمیر زندہ ہے

مجھے خریدنے والا یہ کہہ کے لوٹ گیا

عجیب شخص ہے اب تک ضمیر زندہ ہے

سنائی دیتی ہے زنجیر کی سدا اکثر

ہماری ذات میں شاید اسیر زندہ ہے

ہمارا عہد ڈھلے گا ہمارے شعروں میں

ہماری سوچ کی جب تک لکیر زندہ ہے

اٹھا کے دیکھ لو کوئی غزل مری آتشؔ

ہر ایک فکر مری بے نظیر زندہ ہے

حسین رخ پہ ابھی تم نقاب رہنے دو (غزل)

حسین رخ پہ ابھی تم نقاب رہنے دو

نہ کھولو بند غزل کی کتاب رہنے دو

اٹھوں گا دیکھنا اک دن میں آندھیوں کی طرح

ابھی کرو نہ سوال و جواب رہنے دو

ہم اپنا فرض کسی روز بھول بیٹھیں نا

ہمارے کاندھوں پہ کنبے کا داب رہنے دو

ہر ایک چیز کی مجھ میں تمیز ہے بھائی

تم اپنے پاس عذاب و ثواب رہنے دو

میں اپنی پیاس کو صحرا نورد کر دوں گا

مٹا دو سارے سمندر سراب رہنے دو

تمہارے واسطے سایہ عذاب ہے آتشؔ

تم اپنے سر پہ کھڑا آفتاب رہنے دو

مزید غزلیں از آتش رضا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں