پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آشفتہ شاجہاں پوری کی غزلیں — Aashufta Shahjahanpuri Ghazals

آشفتہ شاجہاں پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہجوم غم میں جینا کس قدر صبر آزما ہوتا (غزل)

ہجوم غم میں جینا کس قدر صبر آزما ہوتا

اگر درد محبت سے یہ دل نا آشنا ہوتا

مری لغزش نے رنگیں کر دیا ہر نقش ہستی کو

یہاں ہو کا سماں ہوتا اگر میں پارسا ہوتا

تمنا خود فریبی آرزو ہے جان کی دشمن

مسرت دل کو دینا تھی تو بس غم ہی دیا ہوتا

یہ انسان اپنی دنیا کو تباہی سے بچا لیتا

اگر فکر جزا ہوتی اگر خوف خدا ہوتا

کریں کیا ہم بھی ہیں مجبور دل سے ورنہ اے ہمدم

تری ہر بات سن لیتے اگر دل دوسرا ہوتا

خوشا قسمت جنون جستجو تھا ساتھ ساتھ اپنی

وگرنہ رہنما نے تو ہمیں بھٹکا دیا ہوتا

کہاں تھا حوصلہ کیسے گزرتی زندگی یا رب

اگر فیض محبت کا نہ دل کو آسرا ہوتا

بس اک ذوق تمنا نے کیا رسوا مجھے ورنہ

نہ تکلیف فنا ہوتی نہ ارمان بقا ہوتا

علاج اپنے کئے کا کچھ نہیں دنیا میں آشفتہؔ

نہ ہم اظہار غم کرتے نہ کوئی خود نما ہوتا

کہتے ہیں رہ گزر ہے تری دل کہیں جسے (غزل)

کہتے ہیں رہ گزر ہے تری دل کہیں جسے

پھر کون سا مقام ہے منزل کہیں جسے

اس جلوہ گاہ دہر میں اک جلوہ بھی نہیں

میرے مذاق دید کے قابل کہیں جسے

کیسی بہار لالہ و گل کیسے مہر و ماہ

ایسا ہے کون تیرا مقابل کہیں جسے

یوں تو سبھی ہیں درد محبت سے فیض یاب

دل ہم اسی کو سمجھیں گے وہ دل کہیں جسے

ہوگا وہ کوئی اور یقیناً وہ تم نہیں

حال تباہ سے مرے غافل کہیں جسے

ناکام حسرتوں نے اسے اور دی جلا

وہ داغ یادگار غم دل کہیں جسے

ہاں تم وفا پرست ہو دل سے مجھے قبول

وہ تو کہو وہ کون ہے قاتل کہیں جسے

تاراج غم سے دل بھی تو ویران ہو چکا

کہئے کہاں ہے آپ کی منزل کہیں جسے

مزید غزلیں از آشفتہ شاجہاں پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں