آشفتہ چنگیزی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہوائیں تیز تھیں یہ تو فقط بہانے تھے (غزل)
ہوائیں تیز تھیں یہ تو فقط بہانے تھے
سفینے یوں بھی کنارے پہ کب لگانے تھے
خیال آتا ہے رہ رہ کے لوٹ جانے کا
سفر سے پہلے ہمیں اپنے گھر جلانے تھے
گمان تھا کہ سمجھ لیں گے موسموں کا مزاج
کھلی جو آنکھ تو زد پہ سبھی ٹھکانے تھے
ہمیں بھی آج ہی کرنا تھا انتظار اس کا
اسے بھی آج ہی سب وعدے بھول جانے تھے
تلاش جن کو ہمیشہ بزرگ کرتے رہے
نہ جانے کون سی دنیا میں وہ خزانے تھے
چلن تھا سب کے غموں میں شریک رہنے کا
عجیب دن تھے عجب سرپھرے زمانے تھے
کس کی تلاش ہے ہمیں کس کے اثر میں ہیں (غزل)
کس کی تلاش ہے ہمیں کس کے اثر میں ہیں
جب سے چلے ہیں گھر سے مسلسل سفر میں ہیں
سارے تماشے ختم ہوئے لوگ جا چکے
اک ہم ہی رہ گئے جو فریب سحر میں ہیں
ایسی تو کوئی خاص خطا بھی نہیں ہوئی
ہاں یہ سمجھ لیا تھا کہ ہم اپنے گھر میں ہیں
اب کے بہار دیکھیے کیا نقش چھوڑ جائے
آثار بادلوں کے نہ پتے شجر میں ہیں
تجھ سے بچھڑنا کوئی نیا حادثہ نہیں
ایسے ہزاروں قصے ہماری خبر میں ہیں
آشفتہؔ سب گمان دھرا رہ گیا یہاں
کہتے نہ تھے کہ خامیاں تیرے ہنر میں ہیں
سارے دن کی تھکی، (نظم)
سارے دن کی تھکی،
ویران اور بے مصرف رات کو
ایک عجیب مشغلہ ہاتھ آ گیا ہے
اب وہ!
سارے شہر کی آوارہ پرچھائیوں کو
جسم دینے کی کوشش میں مصروف ہے
مجھے معلوم ہے
اگر گم نام پرچھائیوں کو
ان کی پہچان مل گئی
تو شہر کے معزز اور عبادت گزار شریف زادے
ہم شکل پرچھائیوں کے خوف سے
پرچھائیوں میں تبدیل ہو جائیں گے
اور
بے مصرف دن بھر کی تھکی ہوئی رات کو
ایک اور مشغلہ مل جائے گا