ساوتھ ایشین گیمز کے آخری معرکے میں قومی ہاکی ٹیم نے روائیتی حریف بھارت کو اس کے گھر میں 1-0سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کر لی ،قومی ہاکی ٹیم نے ایونٹ میں نا قابل شکست رہ کر گولڈ میڈل حاصل کیا تو قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ۔بھارت میں ہونے والے ساوتھ ایشین گیمز کے فائنل میچ میں پاکستان اور بھارت میں کانٹے دار مقابلہ ہوا جس میں دونوں ٹیموں نے خوب جان ماری تاہم پاکستانی کھلاڑی اویس رحمان نے کھیل کے آخری لمحات میں بھارت کو شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی ۔قومی ہاکی ٹیم کی شاندار کامیابی پر پور ے پاکستان میں لوگوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ،لوگوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا ۔
اس سے قبل پاکستانی ہاکی ٹیم اس پورے ایونٹ میں مشکلات سے دوچار رہی ہے۔ ایک کھلاڑی کو بھارت کا ویزہ نہ مل سکا تو گول کیپر عمران بٹ انجری کا شکار ہو گئے اور فرید احمد بخار میں مبتلا ہو گئے جس پر ہاکی ٹیم کے کوچ ریحان بٹ کو ہی میدان میں اترنا پڑا ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اس قدر مشکلات کے باوجود پاکستان ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہا ہے اور راونڈ میچ میں بھارت کو بھی شکست سے دوچار کر چکا ہے۔
