2009 میں ہمارے شہر ڈیرہ غازی خان میں چالیسویں کی مجلس کے شرکا کو بم دھماکے سے شہید کردیا گیا تھا ۔ ڈی جی خان چھوٹا سا شہر ہے اس وقت ہر تیسرے چوتھے گھر سے جنازے اٹھے تھے ۔ سن شہدا میں ایک ہی گھر کے دو دو، تین تین جوان بھی تھے اور وہ سب ہمارے جاننے والے ، ہمارے احباب ہمارے اپنے تھے ،اس غم کی فضا نے ہم سب کو شل کرکے رکھ دیا تھا اس سانحے پر ہر انکھ اشکبار تھی ، میں نے یہ غزل اس وقت لکھی تھی لیکن اب جب مسجد خدیجتہ الکبریٰ میں شہدا کا خون دیکھا تو پھر سے وہ غم تازہ ہوگیا۔ آخر کب تک معصوم لوگوں کا خون یونہی اس ملک میں بہتا رہے گا؟؟؟ آخر یہ ظلم کب تک ہوتا رہے گا ؟؟؟. غزل
لاشے گرے زمیں پہ تو اختر بھی روپڑے
اب کے تو میرے شہر کے پتھر بھی روپڑے
ٹوٹی ہیں کن سہاگنوں کی حیف چوڑیاں
ماؤں کی گود اجڑی مقدر بھی رو پڑے
گلزار اشکبار ہیں کہسار سوگوار
دریا کے ساتھ ساتھ سمندر بھی رو پڑے
گزریں وہ آفتیں کہ قیامت گزر گئی
دیکھے ہمارا حال تو محشر بھی رو پڑے
میرے وطن میں آئے نہ فصل خزاں شفق
ایسا نہ ہو چمن میں گل تر بھی رو پڑے
نیر رانی شفق
Nayyar Rani Shafaq
