✧◉➻تیرے بعد➻◉✧
اپنے ہاتھوں سے تمنّاؤں کو برباد کیا
دل کی تعمیر میں تخریب کو بنیاد کیا
خواہشِ وصل کو دہلیز سے باہر کر کے
خانہءِ دِل میں غمِ ہجر کو آباد کیا
رات دن یاد رکھا، یاد بھلانی ہے تری
بھول کر بھی نہ کئی روز تجھے یاد کیا
سخت مشکل تھا تری شکل بھلانا لیکن
کارِ دشوار کو آسان تِرے بعد کیا
اپنی دانست میں ہر کام مکمل کر کے
چھپ کے بیٹھا تھا درِ ذات مقفل کر کے
میں تو سمجھا تھا یہاں عالمِ تنہائی ہے
پھر بھی سوچوں میں تِری انجمن آرائی ہے
دِل کی ویران حویلی میں ہوا کی صورت
کِس سہولت سے تِری یاد چلی آئی ہے
شہزاد نیّر
از:-چاک سے اُترے وجود ص ۱۵۰
انتخاب
سفیدپوش

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔