یہ نیم باز تری انکھڑیوں کے میخانے
نظر ملے تو چھلک جائیں دل کے پیمانے
کہیں کلی نے تبسم کا راز سمجھا ہے؟
جو خود چمن ہو وہ اپنی بہار کیا جانے
عجب نہیں جو محبت مجھے سمجھ نہ سکے
وہ اجنبی ہوں جسے زیست بھی نہ پہچانے
جو ہوش میں تھا تو کوئی نہ مے بہ جام آیا
بہک گیا ہوں تو دنیا چلی ہے سمجھانے
یہیں سجودِ محبت کی بستیاں تھیں کبھی
بتا رہے ہیں یہ دیر و حرم کے ویرانے
کہیں چراغ جلانے کی ہو رہی ہے سبیل
بجھا رہے ہیں یہاں شمع خود ہی پروانے
وہ زندہ ہے جو بہے موجِ وقت کی رو میں
وہ زندہ تر ہے جو طوفاں میں ٹھہرنا جانے
(نشور واحدی)
المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی(بھٹکلی)
جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔