( غیــر مطبــوعــہ )
آپ سے کیا مِلا دیئے گئے تھے
ہم مکمّل گُھما دیئے گئے تھے
مَیں نے تو فلسفے کا پوچھا تھا
اُور لطیفے سُنا دیئے گئے تھے
لگ رہا تھا : قیامت آئی ابھی
اِتنے بچّے رُلا دیئے گئے تھے
بس ذرا گُم ہوئے تھے خود میں ہم
اور جنازے اٹھا دیئے گئے تھے
خود کو تقسیم کرنے والوں سے
کیلکُولیٹر چُھپا دیئے گئے تھے
صرف مضمون کو کَھپا نہ سکے
قافیے تو نِبھا دیئے گئے تھے
اِن کتابوں کا شکریہ ‘ ورنہ
ہم دلوں سے مِٹا دیئے گئے تھے
صرف آزادی کی کتابوں میں
کچھ پرندے اُڑا دیئے گئے تھے
ایک پرچھائِیں دیکھنے کے لئے
کتنے چہرے بَھلا دیئے گئے تھے
یہ جو اب راستے میں آ رہے ہیں
راستے سے ہٹا دیئے گئے تھے
اُس نے سوچا تھا ” مَیں بناؤں گا ”
اور اِدھر ہم بنا دیئے گئے تھے
( مُــژدُم ؔ خــان )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔