پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یہ رتجگوں کا کسی طور سلسلہ نہ رہے ملو تو یوں کہ ب…

یہ رتجگوں کا کسی طور سلسلہ نہ رہے
ملو تو یوں کہ بچھڑنے کا شائبہ نہ رہے

ہوا ہے فطرتِ ثانی یہ جاگتے رہنا—-!!!
بلا سے خواب کا آنکھوں میں ذائقہ نہ رہے

ملا تو روئے گا اب بھی وہ لگ کے سینے سے
کہ اپنے حال کا ماضی سے فاصلہ نہ رہے

بچھڑنا شرط ہی ٹھہرا تو یوں بچھڑ جائیں
کسی کو ترکِ تعلق کا کچھ گلہ نہ رہے

اتار کر تجھے دل میں، میں پھوڑ لوں آنکھیں
پلٹ کے جا بھی سکے تو وہ راستہ نہ رہے

یہ دل ہی توڑ دوں تجھ سے جو بدگماں ہو کبھی
کہ آئے بال تو بہتر ہے آئینہ نہ رہے—-!!!!

ہے تیری ترک- مراسم کی خواہشوں کا خیال
دعا یہ ہے کہ تجھے اس کا حوصلہ نہ رہے

اگر ہو نام تو گویا مثال ہو آذر—-!!!
محبتوں میں مرا صرف تذکرہ نہ رہے

(اعزاز احمد آذر)