پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یہ راکھہ راکھہ رتیں اپنی رات کی قسمت تم اپنی نیند …

یہ راکھہ راکھہ رتیں اپنی رات کی قسمت
تم اپنی نیند بچھاؤ تم اپنے خواب چنو
بکھرتی ڈوبتی نبضوں پہ دھیان کیا دینا
تم اپنے دل کے دھڑکتے ہوۓ حروف سنو
.
تمھارے شہر کی گلیوں میں سیل بخیر
تمھارے نقش قدم پھول پھول کھلتے رہیں
وہ رہگزر ، جہاں تم لمحہ بھر ٹھہر کے چلو
وہاں پہ ابر جھکیں آسماں ملتے رہیں
نہیں ضرور کہ ہر اجنبی کی بات سنو
ہر اک صدا پہ دھڑکنا بھی دل کا فرض نہیں
سکوت حلقہ زنجیر در بھی کیوں ٹوٹے ؟؟
صبا کا ساتھہ نبھانا جنوں کا قرض نہیں
.
ہم ایسے لوگ بہت ہیں جو سوچتے ہی نہیں
کہ عمر کیسے کٹی کس کے ساتھہ بیت گئی
ہماری تشنہ لبی کا مزاج کیا جانے …؟
کہ فصل بخشش موج فرات بیت گئی
یہ ایک پل تھا جسے تم نے نوچ ڈالا ہے
وہ اک صدی تھی جو بے التفات بیت گئی
ہماری آنکھہ لہو ہے تمہیں خبر ہو گی
"چراغ خود سے بجھا ہے کہ رات بیت گئی ”
.
محسن نقوی