یہ حَادثات کا انداز بھی بُرا نہ لگا
کبھی کبھی تو قفس ہم کو آشیانہ لگا
ہمارا عہد یہاں تک ہوا زوال پذیر
بیانِ حسنِ حقیقت ہمیں فسانہ لگا
خدا کا شکر ابھی تک بجھے نہیں تیور
مِرا سکوت زمانے کو باغیانہ لگا
اداس رات میں کتنی بہک گئی ہے نظر
چراغِ راہ گذر بھی چراغِ خانہ لگا
اساسِ غم ہے محبت میں بدگمانی بھی
کسی کا عذرِ حقیقی ہمیں بہانہ لگا
تمازتوں کا کوئی عذر اب درست نہیں
چلو کہ سر پہ گھٹاؤں کا شامیانہ لگا
وفا کریں تو وفا کا صلہ طلب بھی کریں
ہمیں یہ عشق کا اسلوب عامیانہ لگا
ملا ہے جب بھی کوئی سینہ چاک اے انجان
رفیق و ہمدم و مونس لگا، یگانہ لگا
ثاقب انجان
از:-ریگِ ساحل ص ۱۳۳/۱۳۴
اِنتِخاب
سفیدپوش

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔