یہ جبر بھی دیکھا ہے تاریخ کی نظروں نے
لمحوں نے خطا کی تھی صدیوں نے سزا پائی
..
مظفر الاسلام – مظفر رزمیؔ کا یومِ ولادت
یکم؍اگست 1936ء کو قصبہ کیرانہ، ضلع مظفر نگر، یو پی میں حافظ محمد اسحاق کے یہاں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم اسلامیہ ہائی اسکول ضلع شاہجہاں پور سے حاصل کی، اور انٹر میڈئیٹ کی ڈگری ویش ڈگری کالج شاملی سے مکمل کی۔ بعدازاں ادیب کامل دوران ملازمت جامعہ اردو علی گڑھ سے کیا۔19؍ستمبر 2012ء کو کیرانہ، شاملی ضلع، اتر پردیش میں انتقال کر گئے۔
منتخب کلام
اس راز کو کیا جانیں ساحل کے تماشائی
ہم ڈوب کے سمجھے ہیں دریا تری گہرائی
جاگ اے مرے ہمسایہ خوابوں کے تسلسل سے
دیوار سے آنگن میں اب دھوپ اتر آئی
چلتے ہوئے بادل کے سائے کے تعاقب میں
یہ تشنہ لبی مجھ کو صحراؤں میں لے آئی
یہ جبر بھی دیکھا ہے تاریخ کی نظروں نے
لمحوں نے خطا کی تھی صدیوں نے سزا پائی
کیا سانحہ یاد آیا رزمیؔ کی تباہی کا
کیوں آپ کی نازک سی آنکھوں میں نمی آئی
…..
خود پکارے گی جو منزل تو ٹھہر جاؤں گا
ورنہ خوددار مسافر ہوں گزر جاؤں گا
آندھیوں کا مجھے کیا خوف میں پتھر ٹھہرا
ریت کا ڈھیر نہیں ہوں جو بکھر جاؤں گا
زندگی اپنی کتابوں میں چھپا لے ورنہ
تیرے اوراق کے مانند بکھر جاؤں گا
میں ہوں اب تیرے خیالات کا اک عکس جمیل
آئینہ خانے سے نکلا تو کدھر جاؤں گا
مجھ کو حالات میں الجھا ہوا رہنے دے یوں ہی
میں تری زلف نہیں ہوں جو سنور جاؤں گا
تیز رفتار سہی لاکھ مرا عزم سفر
وقت آواز جو دے گا تو ٹھہر جاؤں گا
دم نہ لینے کی قسم کھائی ہے میں نے رزمیؔ
مجھ کو منزل بھی پکارے تو گزر جاؤں گا
….
مقابلے تو غلط فہمیاں بڑھاتے ہیں
یہ ولولے تو غلط فہمیاں بڑھاتے ہیں
قریب آؤ تو شاید سمجھ میں آ جائے
کہ فاصلے تو غلط فہمیاں بڑھاتے ہیں
ہے میرے ساتھ مرے دشمنوں سے ربط انہیں
یہ سلسلے تو غلط فہمیاں بڑھاتے ہیں
اگر ہے کوئی شکایت تو مل کے بات کرو
مراسلے تو غلط فہمیاں بڑھاتے ہیں
کسی نے قتل کیا اور سزا کسی کو ملی
یہ فیصلے تو غلط فہمیاں بڑھاتے ہیں
جو رہزنوں کا تعاون قبول کرتے ہیں
وہ قافلے تو غلط فہمیاں بڑھاتے ہیں
تنازعات میں بہتر ہے صلح کر لینا
نئے گلے تو غلط فہمیاں بڑھاتے ہیں
یہ لغزشوں کا تسلسل یہ معذرت پیہم
یہ مرحلے تو غلط فہمیاں بڑھاتے ہیں
چراغ حق ہیں تو خاموش کیوں ہیں وہ رزمیؔ
بنا جلے تو غلط فہمیاں بڑھاتے ہیں
…………………..
