پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یوں تو جو چاہے یہاں صاحبِ محفل ہو جائے بزم اُس…

یوں تو جو چاہے یہاں صاحبِ محفل ہو جائے
بزم اُس شخص کی ہے تُو جِسے حاصل ہو جائے

ناخُدا اے مری کشتی کے چلانے والے
لُطف تو جب ہے کہ ہر موج ہی ساحل ہو جائے

اِس لیے چل کے ہر اِک گام پہ رُک جاتا ہوں
تا نہ بے کیف غمِ دوریِ منزل ہو جائے

تُجھ کو اپنی ہی قسم یہ تو بتا دے مُجھ کو
کیا یہ ممکن ہے کبھی تُو مُجھے حاصل ہو جائے

ہائے اُس وقت دِل زار کا عالم کیا ہو
گر محبت ہی محبت کے مقابل ہو جائے

پھیکا پھیکا ہے مری بزمِ محبت کا چراغ
تُم جو آ جاؤ تو کچھ رونقِ محفل ہو جائے

تیری نظریں جو ذرا مُجھ پہ کرم فرمائیں
تیری نظروں کی قسم پھر یہی دِل، دِل ہو جائے

ہوش اُس کے ہیں، یہ جام اُس کا ہے، تُو ہے اُس کا
مے کدے میں ترے جو شخص بھی غافل ہو جائے

فتنہ گر شوق سے بہزادؔ کو کر دے پامال
اِس سے تسکینِ دلی گر تُجھے حاصل ہو جائے

بہزادؔ لکھنوی

المرسل: فیصل خورشید


Comments

2 responses to “یوں تو جو چاہے یہاں صاحبِ محفل ہو جائے بزم اُس…”

  1. بہزاد بن پیئے ھی مست شاعری کرتے ھیں. داغ کے شعر کے بقول "سرور مے” سے واقف تو نہیں لیکن اس کے کرشموں سے واقف ھیں.

  2. کیا یہ ممکن ہے تو مجھے حاصل ہو جائے
    واہ

جواب دیں