پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یوں بھی ترا احسان ہے آنے کے لیے آ طالب باغپتی یہ غ…

یوں بھی ترا احسان ہے آنے کے لیے آ
طالب باغپتی
یہ غزل رسالہ عالمگیر میں ۱۹۲۷ میں شائع ہوئی
……
یوں بھی ترا احسان ہے آنے کے لیے آ
اے دوست کسی روز نہ جانے کے لیے آ
ہر چند نہیں شوق کو یارائے تماشا
خود کو نہ سہی مجھ کو دکھانے کے لیے آ
یہ عمر، یہ برسات، یہ بھیگی ہوئی راتیں
ان راتوں کو افسانہ بنانے کے لیے آ
جیسے تجھے آتے ہیں نہ آنے کے بہانے
ایسے ہی بہانے سے نہ جانے کے لیے آ
مانا کہ محبت کا چھپانا ہے محبت
چپکے سے کسی روز جتانے کے لیے آ
تقدیر بھی مجبور ہے، تدبیر بھی مجبور
ان کہنہ عقیدہ کو مٹانے کے لیے آ
عارض پہ شفق، دامن مژگاں میں ستارے
یوں عشق کی توقیر بڑھانے کے لیے آ
طالبؔ کو یہ کیا علم، کرم ہے کہ ستم ہے
جانے کے لیے روٹھ، منانے کے لیے آ
….
کنور محمد لطافت علی خاں طالب باغپتی

مزید پڑھیں: طالب باغپتی کی غزلیں — Talib Baghpati Ghazals کی مزید غزلیں


Comments

10 responses to “یوں بھی ترا احسان ہے آنے کے لیے آ طالب باغپتی یہ غ…”

  1. اچھی غزل ہے۔ لیکن پسند اپنی اپنی کے مصداق احمد فراز کی غزل کہیں اونچی ہے

  2. میرا خیال ہے جو مہدی حسن صاحب نے غزل گائی ہے اس میں انھوں نے اپنی جانب سے کچھ اشعار شامل کر دیے فراز کی غزل میں ۔

  3. واقعی ؟؟؟
    دو مصرعے تو بالکل وہی لگا لیے فراز صاحب نے

  4. احمد فراز کی مشہور غزل ۔۔۔تو مجھ سے خفا ہے تو زمانے کےلئے آ۔۔۔اسی سے متاثر ہو کر لکھی گئی ہے کیا ؟

  5. واہ۔۔۔۔
    مگر۔۔۔۔فراز نے کس بےدردی سے حل چلایا ہے پرائی زمین میں۔۔۔

جواب دیں