غزل
ہو شبِ ہجر میں برسات تو دکھ ہوتا ہے
کاٹے کٹتی نہیں جب رات تو دکھ ہوتا ہے
مارڈالے نہ کہیں شدتِ جذبات مجھے
جب نہیں ہوتی ملاقات تو دکھ ہوتا ہے
خود تو دیتے نہیں وہ عرض تمنا کا جواب
الٹے کرتے ہیں سوالات تو دکھ ہوتا ہے
غیر تو غیر ہے ہوتا نہیں کچھ اس کا ملال
دے دے اپنا کوئی جب مات تو دکھ ہوتا ہے
بھول جائے کوئی اسلاف کو کیسے اپنے
ختم ہوں اپنی روایات تو دکھ ہوتا ہے
خون تو خون ہے اپنوں کا ہو یا غیروں کا
رونما جب ہوں فسادات تو دکھ ہوتا ہے
چارہ گر ہے تو وہ کرتا نہیں کیوں چارہ گری
کوئی سنتا نہیں جب بات تو دکھ ہوتا ہے
کہدو الزام تراشی سے ستائیں نہ مجھے
بے سبب جب ہوں شکایات تو دکھ ہوتا ہے
منتشر کرتے ہو شیرازۂ دل کیوں میرا
’’ٹوٹ جاتی ہے مری ذات تو دکھ ہوتا ہے‘‘
نذرِ طوفانِ حوادث ہے سفینہ میرا
تلخ ہو گردشِ حالات تو دکھ ہوتا ہے
بدگمانی کے مرض کا وہ کریں اپنے علاج
کوئی بیجا کرے شبہات تو دکھ ہوتا ہے
تھا کبھی حاشیہ بردار جو اپنا برقیؔ
جب وہ دینے لگے خیرات تو دکھ ہوتا ہے
احمد علی برقیؔ اعظمی

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔