پیر • 5 اکتوبر 2026ء

✦ منتخب نظمیں

عالم رویا میں حضرت رحمت الہی برقؔ اعظمی کا حضرت علامہ اقبالؔ سے منظوم مکالمہ

شان مومن

گفتۂ برق اعظمی

شاعر مشرق بتا بنددۂ مومن کی شان
ہستیٔ مومن ہے کیوں سب کے لئے وجہہِ ناز
گفتۂ علامہ اقبال
ہاتھ ہے اللہ کا بندۂ مومن کا ہاتھ
غالب و کار آفریں کار کشا کار ساز
گفتۂ برق اعظمی
اس کے ہیں اوصاف کیا اس کی ہے پہچان کیا
اس کے مراتب کا بھی کھول دے بندوں پہ راز
گفتۂ علامہ اقبال
خاکی و نوری نہاد بندۂ مولا صفات
ہر دو جہاں سے غنی اس کا دلِ بے نیاز
گفتۂ برق اعظمی
اُس کے مقاصد کیا اُس کی امیدیں ہیں کیا
یہ بھی بتا دے ذرا مخلصِ بندہ نواز
گفتۂ علامہ اقبال
اُس کی امیدیں قلیل اُس کے مقاصد جلیل
اُس کی ادا دلفریب اس کی نگہہ دلنواز
گفتۂ برق اعظمی
کھینچ دے نقشہ ذرا اس کے خدو خال کا
اے کہ ہے سب کو ترے طرزِ تکلم پہ ناز
گفتۂ علامہ اقبال
نرم دمِ گفتگو گرم دمِ جستجو
رزم ہو یا بزم ہو پاک دل و پاکباز
گفتۂ برق اعظمی
دل سے ہے کتنا یقیں ہستی? حق پر اسے
جس کے سبب سے سے وہ ہے متقی و پاکباز
گفتۂ علامہ اقبال
نکتۂ پرکار حق مرد خدا کا یقیں
اور یہ عالم تمام وہم و طلسم و مجاز