پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہندی نظم ؛ شاعرہ: روپم مشر؛ مترجم: آفتاب احمد، کو…

ہندی نظم ؛ شاعرہ: روپم مشر؛ مترجم: آفتاب احمد، کولمبیا یونیورسٹی،
نیو یارک
                         ***
پھنسی ہوئی لڑکیاں!
اُس کے گاؤں، علاقے اور محلے کا
لاعلاج اور مُتعدّی لفظ تھا یہ!
کچھ لڑکیوں کے نام نہاد عاشقوں نے اپنے جیسے دغاباز دوستوں میں بیٹھ کر
بے حیائی سے معشوق کا نام لیتے ہوئے کہا
مجھ سے پھنسی ہوئی ہے
اُسے نفرت تھی اِس لفظ سے
اس نے جہاں بھی سُنا کہ وہ لڑکی
کسی سے پھنسی ہوئی ہے
اُس لڑکی کے لئے نفرت سے اُس کا دل بھر گیا
پھنسی ہوئی لڑکیوں کو دیکھ کر لگا کہ کوئی غلیظ چیز دیکھ لی
پھر ایک دن اسے ناگہاں عشق ہوگیا
اب اس کے جسم کے انگ انگ سے پھوٹتی تھی ایک ازلی مہک
اور آنکھیں اڑہُل کے پھولوں کی طرح دہکنے لگیں
عاشق نے اسے بتایا عشق روح کا پاکیزہ ترین روپ ہے
معشوق کو دُعا کی سُریلی دُھن کہا
وہ مگن رہی کہ وہ معشوق ہے
فخر رہا کہ وہ پھنسی ہوئی لڑکی نہیں ہے
اور اُن پھنسی ہوئی لڑکیوں سے مزید نفرت کی
پھر ایک دن اُس نے سُنا کوئی کہہ رہا تھا
اُس کے عاشق کا نام لے کر کہ
وہ تو فلاں شخص سے پھنسی ہوئی ہے
اچانک خود کے لئے یہ لفظ سُن کر
گِھن، توہین، دُکھ اور غصّے جیسے کتنے احساسات سے کانپ گئی وہ
لگا کہ قصبے کے سب سے گندے نالے میں غلطی سے آ گری
پھر تھوڑی دیر سوچ کر اُس نے ہنس کر کہا
اِتنی بھی خراب نہیں ہوتیں پھنسی ہوئی لڑکیاں!
عشق کی منتخب نعمتوں کا بختِ مُبارک اور
سفینۂ زیست کی ناخُدا ہیں یہی پھنسی ہوئی لڑکیاں

بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2826336064263575