پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہم ہیں مزدور ہمیں کون سہارا دے گا ہم تو مٹ کر بھی…

ہم ہیں مزدور ہمیں کون سہارا دے گا
ہم تو مٹ کر بھی سہارا نہیں مانگا کرتے
……
مقبول عام شاعر راہیؔ شہابی کا یومِ وفات
26؍اپریل 2005
نام نفاست علی خان اور تخلص راہیؔ تھا۔ راہی شہابی اپنے وقت کے ایک مقبول شاعر تھے۔ ان کی پیدائش ریاست خیلیا ضلع بلند شہر یوپی میں 22؍جنوری 1948ء کو ہوئی ۔ 26؍اپریل 2005ء کو طویل بیماری کے بعد جےپور میں انتقال کر گئے۔
……
ہر دور میں ہر عہد میں تابندہ رہیں گے
ہم اہل محبت ہیں درخشندہ رہیں گے
جو نقش قدم اہل جنوں چھوڑ گئے ہیں
تم لاکھ مٹاؤ گے وہ پایندہ رہیں گے
تم نے وہ ستم ڈھائے ہیں ارباب وفا پر
تاریخ کے اوراق بھی شرمندہ رہیں گے
حالات جو ماضی میں تھے وہ آج نہیں ہیں
درپیش جو اب ہیں وہ نہ آئندہ رہیں گے
ڈھل جائے گا اک روز ترے حسن کا سورج
ہم آج بھی تابندہ ہیں تابندہ رہیں گے
رنگ اپنا بدلتا ہے زمانہ تو بدل لے
ہم عظمت رفتہ کے نمائندہ رہیں گے
سب نام و نشاں دہر سے مٹ جائیں گے راہیؔ
کچھ نام ہیں ایسے بھی جو پایندہ رہیں گے
……….
دل والے ہیں ہم رسم وفا ہم سے ملی ہے
دنیا میں محبت کو بقا ہم سے ملی ہے
وہ خندہ بہ لب ذکر گلستاں پہ یہ بولے
غنچوں کو تبسم کی ادا ہم سے ملی ہے
صدیوں سے ترستے ہوئے کانوں میں جو پہنچی
تاریخ سے پوچھو وہ صدا ہم سے ملی ہے
ہم وہ ہیں کہ خود پھونک دیئے اپنے نشیمن
گلشن کے اندھیروں کو ضیا ہم سے ملی ہے
کیا ایک ہی محور پہ ہے ٹھہری ہوئی دنیا
وہ جب بھی ملی ہے تو خفا ہم سے ملی ہے
وہ بت جو خدا آج بنے بیٹھے ہیں ان کو
یہ شان خدائی بہ خدا ہم سے ملی ہے
ہم ٹھہرے ہیں طوفان حوادث کے مقابل
بڑھ بڑھ کے گلے موج بلا ہم سے ملی ہے
سیکھا ہے جلانے کا چلن شمع نے تم سے
پروانوں کو جلنے کی ادا ہم سے ملی ہے
ہم اہل محبت ہیں لہو دیتے ہیں راہیؔ
بے نور چراغوں کو ضیا ہم سے ملی ہے
…………………….