تین بچوں کا قاتل کون؟ قاتل ماں | ہیں؟ واقعی ؟
معاشرہ جب زوال پذیر ہوتا ہے تو سب سے پہلے اس کے وہ ستون گرتے ہیں جن پر اس کی بنیاد کھڑی ہوتی ہے۔ ہمارے معاشرے کی بنیاد ‘خاندانی نظام’ اور اس نظام کا سب سے مقدس مرکز ‘ماں’ ہے۔ لیکن لاہور سے آنے والی دلخراش خبر اور اس جیسے دیگر واقعات نے اس مقدس بنیاد کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ یہ محض ایک قتل کی واردات نہیں بلکہ اس بات کا اعلان ہے کہ ہم انسان سے جانور بننے کے اس سفر میں اب آخری حدوں کو چھو رہے ہیں۔
تھامس ہوبز نے صدیوں پہلے خبردار کیا تھا کہ جب انسانی معاشرے سے اخلاقی نظم و ضبط رخصت ہو جائے تو انسان دوسرے انسان کے لیے بھیڑیا بن جاتا ہے۔ آج ہم اسی بھیڑیا صفت معاشرے کا حصہ بن چکے ہیں، جہاں رشتوں کا خون اس لیے بہایا جا رہا ہے تاکہ ذاتی ہوس اور انا کی تسکین کی جا سکے۔
ایک وقت تھا جب عورت کی عظمت اس کی ‘قربانی’ میں ڈھونڈی جاتی تھی۔ سسرال کے دکھ ہوں یا مرد کی سنگدلی، ماں اپنے بچوں کے چہروں کی خاطر ہر زہر پی جاتی تھی۔ مگر آج کی تصویر اس کے برعکس ہے۔ اب ‘انا’ (Self) اتنی طاقتور ہو گئی ہے کہ اس کے سامنے اولاد کی زندگی بھی ہیچ نظر آتی ہے۔ جب ایک ماں اپنے سات سال کے بچے کو یا اپنے تین معصوم جگر گوشوں کو محض اس لیے موت کے گھاٹ اتار دیتی ہے کہ اس کی ‘دوسری شادی’ کی راہ میں رکاوٹ دور ہو سکے، تو وہاں فرائیڈ کی وہ تھیوری سچ ثابت ہوتی ہے جہاں انسان کی تباہ کن جبلتیں اس کی تخلیقی اور تعمیری جبلتوں پر حاوی ہو جاتی ہیں۔
افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ہم نے جرائم کو بھی ‘صنفی تعصب’ کی عینک سے دیکھنا شروع کر دیا ہے۔ جب بھی کوئی ایسا واقعہ ہوتا ہے، ہم فوری طور پر ‘عورت کارڈ’ نکال لاتے ہیں۔ ہم قاتل میں مظلوم ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کبھی سسرال کو موردِ الزام ٹھہرایا جاتا ہے تو کبھی شوہر کی بے رخی کو۔ بے شک معاشرتی دباؤ اور گھریلو ناچاقیاں زہر قاتل ہیں، لیکن کیا کوئی بھی دکھ اتنا بڑا ہو سکتا ہے کہ وہ ماں کے سینے سے ممتا ہی نچوڑ لے؟ طلاق کا آپشن موجود تھا، گھر چھوڑنے کا راستہ کھلا تھا، مگر اپنی خوشی کے لیے معصوم جانوں کا چراغ گل کر دینا کسی بھی منطق میں ‘مظلومیت’ نہیں کہلا سکتا۔
سوال یہ ہے کہ وہ کون سی ہوس ہے جو چار چار بچوں کے بعد بھی ختم نہیں ہو رہی؟ وہ کون سی محبت ہے جس کی قیمت اولاد کا خون ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ ہمارے خون میں صرف ‘حرام رزق’ نہیں بلکہ ‘حرام سوچ’ بھی سرایت کر گئی ہے۔ ہم نے مادہ پرستی اور سوشل میڈیا کے سحر میں آ کر رشتوں کے تقدس کو پامال کر دیا ہے۔
اگر آج مائیں اپنے ہی بچوں کے لیے جہنم بن رہی ہیں، تو سمجھ لیجیے کہ ہم بطورِ مجموعی ایک مردہ قوم بن چکے ہیں۔ خدارا! اولادوں اور سسرالیوں کو مارنے سے پہلے اپنی اس وحشی انا کو مار لیں جو آپ کو جانور بنا رہی ہے۔ جنت ماں کے قدموں تلے تبھی ہوتی ہے جب وہ ماں بن کر جینا سیکھے، قاتل بن کر نہیں۔
