پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہم اہلِ عزم اگر دل سے جستجو کرتے تو اور منزلِ جان…

ہم اہلِ عزم اگر دل سے جستجو کرتے
تو اور منزلِ جاناں کو سرخ رو کرتے

نہ دسترس میں بہاریں،نہ دل ہی قابو میں
غریبِ شہر کہاں تک جگر لہو کرتے

کسے خبر ہے کہ دل کے کنول کھلیں نہ کھلیں
کٹی ہے عمر بہاروں کی آرزو کرتے

نہ آ سکے تھے یہ حالات کا تقاضا تھا
جو آ گئے تھے تو پھر کھل کے گفتگو کرتے

یہ فیصلہ تو کیا دل نے بار بار مگر
اک آرزو ہی رہی، ترکِ آرزو کرتے

سکونِ سینۂ طوفاں مجیب کیا شئے ہے
یہ جانئے تو نہ ساحل کی آرزو کرتے

(مجیب خیر آبادی)
المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی