پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہزارسال پرانا جاپانی ناول ڈاکٹرافتخارشفیع جاپان کا ایک ”کارنامہ“ انسانی تاریخ…

ہزارسال پرانا جاپانی ناول

ڈاکٹرافتخارشفیع

جاپان کا ایک ”کارنامہ“ انسانی تاریخ میں ہمیشہ سیاہ باب کےطورپریادرکھاجائے گا۔ دوسری جنگ عظیم میں چین،کوریا،تھائی لینڈوغیرہ کی قیدی خواتین کواپنے سپاہیوں کی جنسی آسودگی کے لیے راحت افزاخواتین (comfort women)بناکر اجتماعی شرمندگی خریدی۔ اس کا خمیازہ بھی اسے ایٹمی حملے یا دیگرنقصانات کی صورت میں بہرحال بھگتناپڑا۔اس قوم نے اپنے اچھے برے تجربات سے سبق بھی حاصل کیا۔”ہاراکاری“کے نام پرفخریہ اندازمیں خود کشی کرنے والی یہ قوم بیک وقت پھولوں کی سجاوٹ اورکاغذکو کاٹ کر مختلف اشیا بنانے میں بھی طاق ہے۔کاغذسے جہاز اورکشتیاں توہم نے بھی بچپن میں بہت بنائی ہیں لیکن جاپانیوں نے اس فن کو عروج پرپہنچایا ہے۔اس قوم میں دنیاکی تقریباََ تمام رنگینیاں موجودہیں۔اس کے خیالات قدامت پسندی اور جدت کا حسین امتزاج ہیں۔جاپان اپنی تاریخ وثقافت،ادب اورجدیدزمانے میں ایجادات اورطرززندگی کے لحاظ سے ہمارے لیے کشش رکھتاہے۔
ہمارے شاعرمشرق نے کہاتھا:

اپنی غفلت کی یہی حالت اگرقائم رہی
آئیں گے غسال کابل سے کفن جاپان سے

کابل سے غسال توکیا ملک الموت بھی آئے،البتہ جاپان سے کفن تونہ آسکے؛ ایک زمانے تک جاپانی کپڑے کثیرتعدادمیں درآمدکیے گئے۔ہماری سڑکوں،گھروں اوردفتروں میں گاڑیوں،کمپیوٹروں اور الیکٹرونکس کی اشیا کی صورت میں ہرطرف جاپانی مشینری کا شور ہے۔یہ بات کچھ دوستوں کے لیے شایدحیران کن ہو کہ جاپان میں اردوزبان کی تدریس کاعمل سوسال پہلے شروع ہوچکاتھا۔1925ء میں پروفیسرگاموجاپان میں اردوزبان وادب کے پہلے پروفیسر مقرر کیے گئے۔آج بھی یہ عمل کامیابی سے جاری وساری ہے۔جاپان کے دوبڑے شہروں ٹوکیو اوراوساکا کی دوسرکاری اورایک نجی یونیورسٹی میں مستقل طور پراردو زبان پڑھائی جاتی ہے۔ہمارے یہاں سے ڈاکٹر تبسم کاشمیری،ڈاکٹر معین الدین عقیل ،ڈاکٹرانواراحمد،ڈاکٹرسہیل عباس خاں اورڈاکٹرمرغوب حسین طاہر جیسے اساتذہ مختلف اوقات میں جاپانی یونیورسٹیوں میں اردو پڑھاتے رہے ہیں۔ جاپانی قوم مذہبی اور تمدنی روایات سے اس قدر گہری وابستگی رکھتی ہے کہ کم اہم ہونے کے باوجود ان کے ہرمعاشرتی عمل کا تعلق کہیں نہ کہیں ان کے مذہب سے جاملتاہے۔ جاپانی قوم کوداخلی اورخارجی لحاظ سے جنگوں کا سامنا کرناپڑا ہے،اس کے باوجود بیسویں صدی کے وسط میں اپنی امن پسندی کے باعث یہ دنیامیں ایک قابل عزت مقام بناچکی تھی۔آج اکیسویں صدی میں جاپانی پاسپورٹ دنیامیں سب سے زیادہ احترام کے لائق سمجھاجاتاہے۔ایک قوم کی زندگی میں اتنی تیزی سے یہ انقلابات کیسے رونماہوتے ہیں،اس کے لیے اس کے اجتماعی لاشعور کا مطالعہ کیاجانا چاہیے۔

اس کے علاوہ کسی بھی قوم کا قدیم ادب اس کے مجموعی مزاج کوسمجھنے میں مدد دیتاہے۔قدیم داستانوں اورشعری نمونوں کا مطالعہ کسی قوم کی نفسیات کوسمجھنے میں معاونت کرتاہے۔یوں تو دنیاکی ہرقوم میں قصے کہانیاں سننے سنانے کارواج تھا۔اہل علم نے تو ہزاروں سال پرانی کہانیاں بھی دریافت کی ہیں۔برصغیرمیں الف لیلہ ولیلہ،داستان امیرحمزہ،کلیلہ ودمنہ،کتھا سرت ساگر،شکنتلا،باغ وبہار،فسانہئ عجائب اورنوطرزمرصع جیسی کتابیں یہاں کی معاشرتی زندگی کی عمدہ عکاسی کرتی ہیں۔جاپان کی ادبی تاریخ میں ادب عالیہ کے بہت سے قدیم نمونے موجودہیں۔حال ہی میں معروف صحافی اورمترجم خرم سہیل نے پاکستا ن جاپان لٹریچرفورم کی طرف سے معلومہ روایت کے مطابق دنیاکا قدیم ترین ناول اردو میں ”گینجی کی کہانی“(The tale of Genji)کے عنوان سے شائع کیاہے۔ادبی مورخین کے مطابق یہ ناول ایک ہزارسال پہلے قدیم جاپان کے شہرکیوٹو میں مقیم ایک خاتون موراساکی شیکیبو نے تحریر کیاتھا۔اس کے متعدد انگریزی تراجم ہوچکے ہیں۔ان میں آرتھر ویلے اورایڈورڈ سائیڈن اسٹیکر کے تراجم کومستندماناجاتا ہے۔خرم سہیل کی خواہش پر کراچی میں مقیم جاپانی قونصل جنر ل توشی کازوایسو مورا نے معروف شاعر اورادیب باقرنقوی مرحوم سے اس کااردو ترجمہ کرنے کی درخواست کی۔باقرنقوی مرحوم اس سے پہلے عالمی ادب سے متعدد کتابیں اردو میں ترجمہ کرچکے تھے۔وہ اس ضخیم ناول کااردو ترجمہ کرنے میں کامیاب توہوگئے لیکن ان کی ناگہانی رحلت سے یہ منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔اس کتاب کی اشاعت کے بقیہ مراحل خرم سہیل نے بڑی مہارت سے ادا کیے۔کسی مغربی سکالر کا قول ہے کہ ”ترجمہ ایک ایسی عورت کی طرح ہے کہ خوب صورت ہو توباوفانہیں اوراگرباوفا ہے توحسن سے تہی ہوتی ہے“۔کسی دوسری زبان کے ادبی فن پارے کو اس کے مکمل ابلاغ کے ساتھ دوسری زبان میں منتقل کرنا آسان کام نہیں۔
یہی وجہ ہے کہ خرم سہیل کووضاحت کے لیے کتاب کے آخرمیں حواشی بھی درج کرنے پڑے ہیں۔میں جاپانی زبان سے آشنا تونہیں لیکن ”گینجی کی کہانی“ کا اردوترجمہ اپنے تخلیقی کمال کی وجہ سے شاہکارہے اور اس پرطبع زادہونے کا گمان ہوتا ہے۔ ناول کی مصنفہ موراساکی شیکیبو کا تعلق جاپان کے ایک معروف ”فوجیوارا“قبیلے سے تھا۔اس خاندان کے زیادہ تر لوگ شاہی دربار میں اعلیٰ عہدے دارتھے۔اس ناول میں شادی کے رسوم ورواج،عشق ومحبت کے تصورات،زندگی میں کامیابی کے حصول کی جدوجہد،والدین کی عزت اور شخصی عروج وزوال کے موضوعات کو نہایت خوب صورتی سے بیان کردیاگیاہے۔اپنی جدت کی وجہ سے یہ ناول اکیسویں صدی کے مسائل سے ہم آہنگ لگتاہے۔یہ ناول آج سے ہزار سال پہلے کے جاپانی معاشرے کی خوب عکاسی بھی کرتاہے۔ اس میں جاپان کے صدیوں پرانے کلچرکی احسن طریقے سے منظرکشی کی گئی ہے۔ ناول کی مصنفہ شیکیبو پیشے کے اعتبارسے ایک استادتھی۔اس کی ذمہ داریوں میں شاہی خاندان کے بچوں کی تعلیم وتربیت شامل تھی۔یہ ایک شاعرہ بھی تھی۔ناول میں بھی مختلف مقامات پر اشعار شامل کیے گئے ہیں جن کا ترجمہ کردیاگیاہے۔اس ناول کا مرکزی کردار شہزادہ گینجی ہے،جس کی زندگی عشق ومحبت سے بھرپورہے۔ یہ ایک خوبرونوجوان ہے،اس کے حسن وجمال کے سامنے ہرکسی کی شخصیت ماندپڑجاتی تھی۔اپنی سادہ دلی اوراخلاص کے باوجود اس شہزادے کو محلاتی سازشوں کا شکارہوناپڑتا ہے۔اس کے باوجود گینجی ان تمام سازشوں کا مقابلہ کرتارہا اور آخرکار کا میاب رہا۔اس کی کامیابی کاسبب یہ بھی تھا کہ اس سماج میں حسن کوعقل پرفوقیت حاصل تھی۔اس ناول کے مطالعے سے نتیجہ نکلتا ہے کہ قدیم جاپانی معاشرہ اخلاقی قدروں اورخاندانی اصولوں کی بنیادوں پرقائم تھا۔انفرادی طورپر شروع کیا گیا تراجم کایہ سلسلہ تحسین کے لائق ہے۔ پاکستان میں حکومتی سرپرستی میں ایک دارالترجمہ کی اشد ضرورت ہے۔دوسری زبانوں کے ادبی فن پاروں کے تراجم ایک کھلے دریچے کی طرح ہیں جس کے ذریعے سے تازہ اورمعطرہوا کے جھونکے ہمارے ہاں کی علمی یبوست کوکم کرتے ہیں۔موجودہ دورمیں اس کی ضرورت کچھ زیادہ ہے۔
بشکریہ۔ روزنامہ نواٸے وقت


بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/3870141259883045


Comments

6 responses to “ہزارسال پرانا جاپانی ناول ڈاکٹرافتخارشفیع جاپان کا ایک ”کارنامہ“ انسانی تاریخ…”

  1. Aren’t Maha Bharat and Ramayan the oldest novels? 🤔

  2. عمدہ و قابل تحسین کاوش ہے۔

  3. جاپانی ناول کے متعلق عمدہ اظہارِ خیال ، شاندار