پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

"گلے سے لگ کے جدائی کے اشک دھوتے ہوئے” شاعر اسد علی اسد کا انٹرویو

"گلے سے لگ کے جدائی کے اشک دھوتے ہوئے” شاعر اسد علی اسد کا انٹرویو

تفکر – آپ کا پورا نام؟

اسد علی اسد۔۔اسد علی

تفکر – قلمی نام؟

اسد علی اسد۔۔اسد علی اسد

تفکر – کہاں اور کب پیدا ہوئے؟

اسد علی اسد۔۔راولپنڈی میں 10 جولائی 1987 کو پیدا ہوا

تفکر -تعلیمی قابلیت؟

اسد علی اسد۔۔ایف اے

تفکر – ابتدائی تعلیم کہاں سے حاصل کی؟

اسد علی اسد۔۔راولپنڈی میں اپنے علاقے کے اسکول سے مڈل تک تعلیم حاصل کی۔گورنمنٹ فیض الاسلام اسکول سے میٹرک کیا

تفکر – اعلٰی تعلیم کہاں سے حاصل کی؟

اسد علی اسد۔۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے ایف اے کیا

تفکر -پیشہ؟ 

اسد علی اسد۔۔پرائیویٹ ادارے میں ملازمت

تفکر –ادبی سفر کاآغاز کب ہوا؟

اسد علی اسد۔۔ٹھیک سے یاد نہیں مگر شاید پانچویں چھٹی کلاس میں تھا تو پہلا شعر کہا

تفکر – آپ نظم یا غزل میں کس سے متاثر ہوئے؟

اسد علی اسد۔۔بہت سے شعرا ہیں کسی ایک کا ذکر کرنا مناسب نہیں ہو گا،مگر موجودہ زمانے میں حسنین اکبر صاحب،عارف امام صاحب اور حشمت رضا بہلول صاحب نے بہت متاثر کیا

تفکر -کسی شاعر یا ادیب کا تلمذ اختیار کیا؟

اسد علی اسد۔۔کبھی غور نہیں کیا اس حوالے سے

تفکر – ادب کی کون سی صنف زیادہ پسند ہے؟

اسد علی اسد۔۔نعت گوئی، مرثیہ،منقبت،غزل

تفکر -ادب کی کس صنف میں زیادہ کام کیا؟

اسد علی اسد۔۔منقبت،غزل

تفکر -شعری تصانیف کی تعداد اور نام؟

اسد علی اسد۔۔ابھی تو کوئی تصنیف نہیں ہے

تفکر -نثری تصانیف کی تعداد اور نام؟

اسد علی اسد۔۔کوئی نہیں ہے

تفکر – اپنے خاندان کے حوالے سے کچھ بتائیں؟

اسد علی اسد۔۔علمی و ادبی گھرانے سے تعلق ہے۔مذہبی تعلیمات والد مرحوم اور والدہ محترمہ اور گھرانے کے بزرگوں سے ہی حاصل کیں،دادا مرحوم شاعر تھے مگر میری پیدائش سے پہلے انتقال کر گئے،خاندان میں سب کو ہی شعر و ادب سے لگاؤ ہے تو بہت حوصلہ افزائی ملتی ہے اس حوالے سے

تفکر – ازدواجی حیثیت؟

اسد علی اسد۔۔اللہ عزوجل نے نیک و خوب سیرت زوجہ کا ساتھ عطا کیا۔تین سال مکمل ہو گئے ہیں ہماری شادی کو۔ایک بیٹا ہے جو اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے

تفکر – فیملی ممبرز کے بارے میں بتائیے؟

اسد علی اسد۔۔یہ سوال ضروری نہیں سمجھتا

تفکر – آج کل کہاں رہائش پذیر ہیں؟

اسد علی اسد۔۔راولپنڈی،پاکستان

تفکر – بچپن کی کوئی خوبصورت یاد؟

اسد علی اسد۔۔بہت سی یادیں ہیں اور بچپن تو سارا ہی یادگار ہوتا ہے

تفکر – ادبی سفر کے دوران میں کوئی خوبصورت واقعہ؟

اسد علی اسد۔۔کل تک کچھ لوگ میری ادبی صلاحیتوں کے قائل نہ تھے مگر اب معترف ہیں کہ واقعی میں کچھ لکھ سکتا ہوں۔اس سے خوبصورت واقعہ کیا ہو گا اس سفر کے دوران

تفکر – ادب میں کن سے متاثر ہیں؟

اسد علی اسد۔۔اچھا لکھنے والے سارے پسندیدہ ہوتے ہیں

تفکر – ادبی رسائل سے وابستگی؟

اسد علی اسد۔۔بالکل بھی نہیں

تفکر – ادبی گروپ بندیوں اور مخالفت کا سامنا ہوا؟

اسد علی اسد۔۔ادب کے کسی گروپ میں شامل ہی نہیں اس لئے کبھی ایسا نہیں ہوا

تفکر – ادب کے حوالے سے حکومتی پالیسی سے مطمئن ہیں؟

اسد علی اسد۔۔حکومت کی کوئی بھی پالیسی قابلِ اطمینان نہیں

تفکر – اردو ادب سے وابستہ لوگوں کے لئیے کوئی پیغام؟

اسد علی اسد۔۔بس یہی کہ اپنے کام پہ توجہ دیں تنقید سے گھبرانا نہیں چاہیئے اور اچھا شعر کہنے کی کوشش میں لگے رہنا چاہیے مگر اس کے لئے مطالعہ اور مشاہدہ دونوں ضروری ہیں۔ہر کسی کی داد کو داد نہیں سمجھنا چاہیے

تفکر – ہماری اس کاوش پر کچھ کہنا چاہیں گے؟

اسد علی اسد۔۔شکریہ ہی ادا کرنا چاہوں گا کہ اس مصروف ترین دور میں آپ نے اپنے وقت میں سے شعرا کے لئے وقت نکالا،قابلِ تحسین ہے آپ کی یہ کاوش

تفکر – پہچان شعر یا تحریر؟

اسد علی اسد۔۔گلے سے لگ کے جدائی کے اشک دھوتے ہوئے
قفس اداس ہے قیدی کا ساتھ کھوتے ہوئے

عجیب لوگ ہیں خواہش کو بیچ دیتے ہیں
کسی کی پلکوں پہ امید کو پروتے ہوئے

نہ راس آئی اسے کھیتی باڑی گاؤں کی
تو شہر آ گیا رشتوں کے بیج بوتے ہوئے

یہاں پہ زر سے زیادہ زرہ ضروری ہے
یہاں پہ جسم ہیں ننگے، قبائیں ہوتے ہوئے

خبر کہاں ہے ہوس کو کہ خواب مفلس کا
بکھر گیا کسی وحشی کے ساتھ سوتے ہوئے

بدن اتار کے رکھ دو کہ روح تھک گئی ہے
طویل صدیوں سے مٹی کا بوجھ ڈھوتے ہوئے

ہر ایک غم کی دوا ہے کسی غریب کا غم
زمانے بیت گئے ہیں اسی کو روتے ہوئے

وہ ناخدا سرِ ساحل تڑپ اٹھا ہے اسد
کوئی تو رنج ہے اس کو مجھے ڈبوتے ہوئے