پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کیسا لمحہ تھا جو چلے تھے خوشبو سے منہ موڑ کے ہم صح…

کیسا لمحہ تھا جو چلے تھے خوشبو سے منہ موڑ کے ہم
صحرا میں آ نکلے ہیں پھولوں کی بستی چھوڑ کے ہم

روح سے روح ملی تھی جس دم، اُس لمحے کے اسیر ہوئے
ہاتھ سے ہاتھ جہاں چُھوٹا تھا پتّھر ہیں اُس موڑ کے ہم

کس کس سے کیا عہد کیا تھا ہم کو اب کچھ یاد نہیں
سارے رشتے بُھول گئے ہیں تجھ سے ناتا جوڑ کے ہم

شاخِ گلِ تر! شاخِ گلِ تر! خوشبو ہم کو بھی، ورنہ
تجھ سے اپنا حق لے لیں گے آج کلائی موڑ کے ہم

سُنتے ہیں لہجوں کے رقابت، دیکھتے ہیں رنگوں کا نفاق
محفلِ خوباں میں اے شبنم ایک شگوفہ چھوڑ کے ہم

شبنم رومانی

از:-جزیرہ ص ۸۷/۸۸

انتخاب
سفیدپوش