پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کچھ تعلق نہ رہے دشت و دمن سے اپنے اس طرح بھی …

کچھ تعلق نہ رہے دشت و دمن سے اپنے
اس طرح بھی کوئی جاتا ہے وطن سے اپنے

بس یہی سوچ کے کچھ لوگ بھڑک اُٹھتے ہیں
کیا مراسم ہیں غزالان ختن سے اپنے

خلوتِ ذات میں رہتے ہیں سمندر کی طرح
چاند نکلے تو نکلتے ہیں بدن سے اپنے

ہم نکال آئیں گے تالاب کی تہ سے اُس کو
چاند واقف ہی نہیں باولے پن سے اپنے

ققنسا! پھر وہی ہونے کو ہے جو پہلے ہوا
پھر وہی آگ نکلتی ہے دہن سے اپنے

ہم کہ سوکھے ہوئے پتوں کی طرح ہیں تابش
جانے کس وقت نکل جائیں چمن سے اپنے

عباس تابش

از:-عشق آباد (کلیاتِ عباس تابش) ص ۳۲

انتخاب
سفیدپوش