کچھ بھی تو ہمیں حسبِ تمنّا نہ مِلا
منزل تو بڑی بات ہے، رستہ نہ مِلا
گھر بھر سے لڑائی کی سزا تھی کہ کوئی
دروازے تلک چھوڑنے والا نہ مِلا
اب ٹوٹ کے چاہیں تو کِسے چاہیں ہم
تُو جیسا ملا پھر کوئی ایسا نہ مِلا
میں سب کو تو دُکھ درد سُنانے سے رہا
اِک شخص ہے سو وہ کبھی تنہا نہ مِلا
اِس شہر پہ کیا ٹوٹ پڑی ہے آفت
اندر سے کوئی شخص بھی زندہ نہ مِلا
دیوار کے گرنے سے زیادہ ہے یہ رنج
ملبا جو ہٹایا ہے تو سایہ نہ مِلا
آتا ہے بہت یاد جمالؔ احسانی
تھا خُوب بَھلا شخص دوبارہ نہ مِلا
جمالؔ احسانی
از:-کُلّیاتِ جمالؔ ص ۱۲۴/۱۲۵
اِنتِخاب
سفیدپوش

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔