کشتی بھی نہیں بدلی دریا بھی نہیں بدلا
اور ڈوبنے والوں کا جذبہ بھی نہیں بدلا
تصویر نہیں بدلی ، شیشہ بھی نہیں بدلا
نظریں بھی سلامت ہیں چہرہ بھی نہیں بدلا
ہے شوقِ سفر ایسا اِک عمر سے یاروں نے
منزل بھی نہیں پائی رستہ بھی نہیں بدلا
بیکار گیا بَن میں سونا مِرا صدیوں کا
اس شہر میں تو اب تک سِکّہ بھی نہیں بدلا
بے سَمت ہواؤں نے ہر لہر سے سازش کی
خوابوں کے جزیرے کا نقشہ بھی نہیں بدلا
غلام مُحمَّد قاصرؔ
از:اِک شعر ابھی تک رہتا ہے (تسلسل) ص ۵۰
مصور:-فرزندِ ارجمند غلام مُحمَّد قاصرؔ (عماد قاصرؔ)
اِنتِخاب
سفیدپوش
مزید پڑھیں: غلام محمد قاصر کی غزلیں — Ghulam Mohammad Qasir Ghazals کی مزید غزلیں

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔