غلام محمد قاصر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بغیر اس کے اب آرام بھی نہیں آتا (غزل)
بغیر اس کے اب آرام بھی نہیں آتا
وہ شخص جس کا مجھے نام بھی نہیں آتا
اسی کی شکل مجھے چاند میں نظر آئے
وہ ماہ رخ جو لب بام بھی نہیں آتا
کروں گا کیا جو محبت میں ہو گیا ناکام
مجھے تو اور کوئی کام بھی نہیں آتا
بٹھا دیا مجھے دریا کے اس کنارے پر
جدھر حباب تہی جام بھی نہیں آتا
چرا کے خواب وہ آنکھوں کو رہن رکھتا ہے
اور اس کے سر کوئی الزام بھی نہیں آتا
کشتی بھی نہیں بدلی دریا بھی نہیں بدلا (غزل)
کشتی بھی نہیں بدلی دریا بھی نہیں بدلا
اور ڈوبنے والوں کا جذبہ بھی نہیں بدلا
تصویر نہیں بدلی شیشہ بھی نہیں بدلا
نظریں بھی سلامت ہیں چہرہ بھی نہیں بدلا
ہے شوق سفر ایسا اک عمر سے یاروں نے
منزل بھی نہیں پائی رستہ بھی نہیں بدلا
بے کار گیا بن میں سونا مرا صدیوں کا
اس شہر میں تو اب تک سکہ بھی نہیں بدلا
بے سمت ہواؤں نے ہر لہر سے سازش کی
خوابوں کے جزیرے کا نقشہ بھی نہیں بدلا
یزید نقشۂ جور و جفا بناتا ہے (نظم)
یزید نقشۂ جور و جفا بناتا ہے
حسین اس میں خط کربلا بناتا ہے
یزید موسم عصیاں کا لا علاج مرض
حسین خاک سے خاک شفا بناتا ہے
یزید کاخ کثافت کی ڈولتی بنیاد
حسین حسن کی حیرت سرا بناتا ہے
یزید تیز ہواؤں سے جوڑ توڑ میں گم
حسین سر پہ بہن کے ردا بناتا ہے
یزید لکھتا ہے تاریکیوں کو خط دن بھر
حسین شام سے پہلے دیا بناتا ہے
یزید آج بھی بنتے ہیں لوگ کوشش سے
حسین خود نہیں بنتا خدا بناتا ہے