پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

چھلک رہی ہے جو مجھ میں وہ تشنگی ہی نہ ہو وہ شئے ج…

چھلک رہی ہے جو مجھ میں وہ تشنگی ہی نہ ہو
وہ شئے جو دل میں فراواں ہے بے دلی ہی نہ ہو

گزر رہا ہے تُو کِس سے گریز کرتا ہوا
ٹھہر کے دیکھ لے اے دِل کہیں خوشی ہی نہ ہو

ترے سکُوت سے بڑھ کر نہیں ہے تیرا سُخن
مرا سُخن بھی کہیں میری خامشی ہی نہ ہو

میں شہرِ جاں سے اُسی کی طرف ہی لوٹوں گا
یہ اور بات کہ اب میری واپسی ہی نہ ہو

وہ آج مجھ سے کوئی بات کہنے والا ہے
میں ڈر رہا ہوں کہ یہ بات آخری ہی نہ ہو

نہ ہو وہ شخص مزاجاً ہی سَرد مہر کہیں
میں بے رُخی جسے کہتا ہوں بے حسی ہی نہ ہو

یہ کیا سفر ہے کہ جس کی مسافتیں گُم ہیں
عجب نہیں کہ مری ابتدا ہوئی ہی نہ ہو

ہر اعتبار سے رہتا ہے با مُراد وہ دِل
اُمید جس نے کبھی اختیار کی ہی نہ ہو

عجیب ہے یہ مری لا تعلقی جیسے
جو کر رہا ہوں بسر میری زندگی ہی نہ ہو

یہ شعلگی تو صفت ہے الم نصیبوں کی
جو غم نہ ہو تو کسی دل میں روشنی ہی نہ ہو

کہیں غرور کا پردہ نہ ہو یہ کم سخنی
یہ عجز اصل میں احساسِ برتری ہی نہ ہو

مرے سپرد کیا اُس نے فیصلہ اپنا
یہ اختیار کہیں میری بے بسی ہی نہ ہو

عرفانؔ ستّار

از:-تکرارِ ساعت ص ۷۸/۷۹/۸۰

اِنتِخاب
سفیدپوش